پاکستان سے اے ایف سی ایونٹ کی میزبانی چھن گئی

5 ملکی ایونٹ کے نئے میزبان ملک کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا، ایشین آفیشلز

5 ملکی ایونٹ کے نئے میزبان ملک کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا، ایشین آفیشلز۔ فوٹو: فائل

سانحہ یوحنا آباد کے سبب پاکستان سے اے ایف سی انڈر 23 فٹبال ایونٹ کی میزبانی بھی چھن گئی۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ یوحنا آباد کے بعد ایک طرف فیفا نے مداخلت کرتے ہوئے پاکستان اور یمن کے مابین ورلڈ کپ کوالیفائرز سیکنڈ لیگ میچ کو ملتوی کرایا تو دوسری جانب ایشین فٹبال کنفیڈریشن بھی پیچھے نہ رہی، کھیلوں کی متوالی قوم ایک صدمے سے ابھی باہر نہیں آئی تھی کہ ایشین باڈی کے تیور بدل گئے۔


ساف ویمنز فٹبال ایونٹ کی شاندار انعقاد کے گن گاتے ہوئے اے ایف سی انڈر 23 چیمپئن شپ 2016 کے کوالیفائرز مقابلوں کے گروپ بی کی میزبانی دینے والے حکام نے یہ ایونٹ پی ایف ایف سے مشاورت کیے بغیر پاکستان سے منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔ اے ایف سی کے بیان میں کہا گیاکہ سانحہ یوحنا آباد کے بعد سے لاہور میں پیدا ہونے والی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا، شریک ٹیمیں اور آفیشلز ایسے حالات میں پاکستان کا سفر نہیں کرسکتے تھے، لہذا ہم نے ان کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ 23 سے31 مارچ تک پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول ایشین ایونٹ کیلیے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے تمام تیاریاں بھی مکمل کرلی تھیں۔

ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے تاحال ٹورنامنٹ کے نئے میزبان ملک کا فیصلہ نہیں کیا لیکن معلوم ہوا ہے کہ چند روز میں ایک اہم اجلاس میں غور فکر کے بعد اعلان ہوگا۔ یاد رہے کہ اے ایف سی انڈر 23 کوالیفائنگ راؤنڈ گروپ بی ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ اردن ، کویت ، ترکمانستان اور کرغزستان کی ٹیموں کو حصہ لینا تھا۔
Load Next Story