بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بموں کو ناکارہ بنانے کی جدید تربیت مکمل کرلی

امریکی حکومت نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو تربیت کیساتھ جدید آلات بھی دیدیے

پولیس تربیتی مرکزمیں بموں کو ناکارہ بنانے کاعملی مظاہرہ،ایکسرے مشین سے بم کوشناخت اور ریموٹ کنٹرول روبوٹ سے منتقل کیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے بموں کو ناکارہ بنانے کی جدید خطوط پر مبنی5 روزہ تربیت مکمل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کے تعاون سے سندھ پولیس کے شعبہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو جدید خطوط پر مبنی 5 روزہ تربیتی کورس کرایا گیا جس کے بعد اب بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بموں اور دھماکا خیز مواد کی آسانی سے شناخت کر سکے گا، دوران تربیت امریکی ایجنسی ایف بی آئی کے فارنسک ماہرین کی جانب سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تھیوری اور پر یکٹیکل کی کلاسیں بھی لے گئیں۔


بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو جدید آلات سے مہلک بموں کو ناکارہ بنانے اور تلف کرنے کی تربیت فراہم کی گئی، تربیت کے آخری روز پولیس ٹریننگ سینٹر سعیدآباد میں بموں کو ناکارہ بنانے کا عملی مظاہرہ کیا گیا ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے حکام نے بتایا ہے کہ فراہم کی گئی ایکسرے مشین سے کسی بھی مقام پر نصب بم کو پہلے شناخت اور پھر ریموٹ کنٹرول روبوٹ کے ذریعے بغیر کسی نقصان کے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاسکے گا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو شواہد اکٹھے کرنے اور خاص طور پر بم ڈیوائس سے فنگر پرنٹس حاصل کرنے کی بھی خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

پرنسپل سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر جاوید علی مہر نے بتایا کہ جدید تربیت30 اہلکاروں کو فراہم کی گئی ہے جس میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے20 افسران و اہلکار ، ریلوے پولیس کے4 اہلکاروں اور تفتیشی پولیس کے6 اہلکار شامل ہیں انھوں نے بتایا کہ اگر کوئی دہشت گرد کہیں گاڑی کھڑی کر کے جاتا ہے اور اس کی نشاندہی ہوجاتی ہے تو بم ڈسپوزل عملہ اسے باآسانی ناکارہ بنا کر گاڑی پر موجود فنگر پرنٹس کو محفوظ بنا سکتے ہیں جبکہ دھماکے کی صورت میں جائے وقوع پر موجود شواہد کو بہتر سے بہتر انداز میں شواہد محفوظ کرکے انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کیا جاسکے گا۔
Load Next Story