ایسا نہ ہو کہ نواز شریف اور ہم اٹک جیل میں اکٹھے ہوں ڈاکٹر فاروق ستار

جرائم کے خاتمے کی آڑ میں ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی کوشش اور ہماری سیاسی سرگرمیوں کو مفلوج کیا جارہا ہے، فاروق ستار

ایم کیو ایم کی سیاسی سرگرمیوں کو مفلوج کیا جا رہا ہے، مرزا سب کے پاس ہے اور اگر ہمارے پاس صولت مرزا ہے تو آپ کے پاس ذوالفقار مرزا ہیں، فاروق ستار فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں غیر جانبدار مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرکے تمام سیاسی جماعتوں سے گندگی صاف کی جائے ورنہ کہیں ایسا نہ ہو کہ نواز شریف اور ہم اٹک جیل میں اکٹھے ہوں۔


اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ حکومت 11 مارچ سے ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہی ہے، جرائم کے خاتمے کی آڑ میں ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی کوشش اور ہماری سیاسی سرگرمیوں کو مفلوج کیا جارہا ہے، اگر یہ آزمائش ہے تو ہم اس سے بھی گزر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پھانسی کے مجرم سے ڈیتھ سیل میں بیان لینا تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے، وزارت داخلہ جواب دے کہ کیا قانون پھانسی کے مجرم سے 5 گھنٹے قبل بیان لینے کی اجازت دیتا ہے اور کیا یہ بیان وزیر داخلہ کی اجازت سے ہوا، مرزا سب کے پاس ہے، اگر ہمارے پاس صولت مرزا ہے تو آپ کے پاس ذوالفقار مرزا ہیں۔ کراچی میں غیر جانبدار مانیٹرنگ کمیٹی قائم کی جائے اور تمام سیاسی جماعتوں سے گندگی کو صاف کیا جائے، ایسا نہ ہو کہ نواز شریف اور ہم اٹک جیل میں اکٹھے ہوں۔

ڈاکٹر فاروق ستارکی جانب سے اظہار خیال طویل ہونے پر اسپیکر نے انہیں اپنی بات مختصر کرنے کی ہدایت کی، جس پر ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی نے احتجاج کرتے ہوئے الطاف حسین کے حق اور حکومت مخالف نعرے بازی شروع کردی۔ اسپکر نے رولنگ دی کہ اگر نعرے بازی نہ روکی گئی تو وہ اجلاس کی کارروائی ملتوی کردیں گے، جس پر وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ اور شیخ آفتاب انہیں احتجاج سے روکنے کی کوشش کی۔
Load Next Story