کراچی میں’’ ایکسپریس فیملی فیسٹیول ‘‘ کا شاندار آغاز

ایکسپریس فیملی فیسٹیول کے پہلے روزہی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کمشنر کراچی شعیب صدیقی ایکسپو سینٹر میں ایکسپریس فیملی فیسٹیول کا افتتاح کر رہے ہیں، ایڈیٹر روزنامہ ایکسپریس طاہر نجمی،ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ کامران احمد ،سینئر منیجر مارکیٹنگ علی امام و دیگر موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

موج مستی سے بھرپور2روزہ ایکسپریس فیملی فیسٹیول کراچی ایکسپوسینٹر میں شروع ہوگیاہے۔

ایکسپریس فیملی فیسٹیول کا افتتاح کمشنرکراچی شعیب احمدصدیقی نے کیا۔اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت فیملی فیسٹیول کاایک منفرد روایت بن چکاہے،فیسٹیول میں شہریوں کی بڑی تعدادمیں شرکت اورجوش وخروش اس بات کی دلیل ہے کہ شہری حالات میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں سے پرامیدہیں،ایکسپریس فیملی فیسٹیول کاانعقادشہرمیں امن کے فروغ اورشہریوں میں بہتری کی امیدکومزیدبڑھانے کاسبب بنے گا۔

اس موقع پرروزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹرطاہرنجمی،ایگزیکٹیو ڈائریکٹرمارکیٹنگ اظفرنظامی،ایسوسی ایٹ ڈائریکٹرمارکیٹنگ کامران احمد،منیجرپروموشن سیل ناصرمحمود شیخ بھی موجود تھے۔ کمشنر کراچی نے نمائش کے انتظامات بالخصوص سیکیورٹی اقدامات کوسراہتے ہوئے اس طرح کے ایونٹس کومثبت رجحانات کے فروغ،محفوظ اورپرسکون ماحول میں تفریح کے مواقع مہیا کرنے کااہم ذریعہ قراردیا۔کمشنر کراچی نے روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر طاہر نجمی و دیگر کے ہمراہ فیسٹیول کے مختلف حصوں اور اسٹالز کا دورہ کیا۔

انھوں نے نمائش میں بڑی کمپنیوں کی شرکت اور تفریح کے دلچسپ مواقع مہیاکرنے پر ایکسپریس میڈیا گروپ کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر طاہر نجمی نے کمشنر کراچی کو ایکسپریس فیملی فیسٹیول سمیت ایکسپریس میڈیا گروپ کی دیگر سماجی سرگرمیوں بالخصوص تعلیم کے فروغ کے لیے جاری مہم آئو پڑھائو کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ طاہرنجمی نے کمشنر کراچی کوبتایاکہ ایکسپریس فیملی فیسٹیول ایک مستقل ایونٹ بن چکاہے جو کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی منعقدکیاجاتا ہے اس ایونٹ کے انعقاد کامقصد شہریوں کومحفوظ اور پرسکون ماحول میں تفریح کا موقع فراہم کرناہے۔

ایونٹ میں شہریوں کی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت سے ظاہر ہوتا ہے کہ کراچی کے شہری محفوظ اور آرام دہ ماحول میں تفریح چاہتے ہیں اور ایکسپریس میڈیا گروپ نے شہریوں کو فیملی کے ہمراہ بھرپور تفریح کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔

دریں اثنا کمشنر کراچی نے آئو پڑھائومہم کے اسٹال کادورہ کیا اورکراچی میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے اساتذہ میں اسنادتقسیم کیں،کمشنر کراچی کو آئو پڑھائومہم کایادگاری نشان بھی پیش کیاگیا۔ایکسپریس فیملی فیسٹیول میں شہریوں کورہائشی سہولتوں سے متعلق معلومات اورآگہی فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی ریئل اسٹیٹ پویلین بھی قائم کیاگیاہے جہاں ملک کے معروف ریئل اسٹیٹ مارکیٹنگ کمپنیوں،بلڈرز اور ڈیولپرز نے اسٹالز لگائے ہیں،اس ہال میں کراچی کے علاو ہ اسلام آباد، لاہور، ملتان اور پشاور تک کے پروجیکٹس کی مارکیٹنگ کی جارہی ہے۔

پویلین میں فرنٹ لائن مارکیٹنگ،اسٹار مارکیٹنگ، رم جھم ولاز، رائل آئیکون، اے ایم ٹاورز، اظہار مونو گروپ، کنگ گروپ نے اسٹال لگائے ہیں جہاں کراچی کے شہریوں کوجدید طرز کے رہائشی منصوبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔فیسٹیول میں ای ایف یولائف کااسٹال بھی شرکا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔


ای ایف یوکے اسٹال پر بچوں کیلیے خصوصی سرگرمی کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں بچوں کے بڑے ہوکر پروفیشن اختیار کرنے کی خواہش کوعملی شکل دینے کے لیے مختلف پروفیشن ڈاکٹر،انجیئنر،وکیل، فوجی وردیاں ور ملبوسات رکھے گئے ہیں بچے یہ وردیاں اورملبوسات پہن کرمسقبل میں اپنے پسندیدہ پروفیشن کی عملی تصویر بن کراپنی تصاویرفیس بک پر پوسٹ کررہے ہیں۔

ای ایف یولائف کی اسسٹنٹ جنرل منیجر ایمن حسین نے بتایا کہ اس سرگرمی میں بچوں کی بے حد دلچسپی ہے اہل خانہ کے ساتھ آنے والے بچے کھیل اور سرگرمیوں میں مشغول ہوتے ہیں اسی دوران ای ایف یو کے کنسلٹنٹ والدین کولائف انشورنس کی اہمیت کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہیں ۔

ایکسپریس فیملی فیسٹیول کے پہلے روزہی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہزاروں شہریوں نے ہفتے کوفیسٹیول کے پہلے روزایونٹ میں شرکت کی۔فیملی فیسٹیول میں مختلف کنزیوم پروڈکٹس اورخدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں نے اسٹالزلگائے جہاں بچوں اوربڑوں کے لیے دلچسپ سرگرمیوں کابھی انعقاد کیا گیاہے۔

جس میں حصہ لینے والے بچوں اوربڑوں میں انعامات بھی تقسیم کے جارہے ہیں۔ نمائش میں شریک شہریوں نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ایکسپریس میڈیاگروپ عوام کوپل پل کی خبروں سے آگاہ رکھنے کے ساتھ معاشرے میں صحت مندسرگرمیوں کے فروغ میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہا۔ایکسپریس میڈیاگروپ کافیملی فیسٹیول ایک ایساایونٹ بن چکاہے جس کاکراچی کے شہری پوراسال انتظار کرتے ہیں۔شہریوں نے کہاکہ فیملی فیسٹیول حقیقی معنوں میں خاندان کے ہرفردکیلیے دلچسپی کاسامان فراہم کرتاہے۔

اسی لیے بچے بڑے،مردخواتین اوربوڑھے افرادبھی اس ایونٹ میں بھرپورشرکت کرتے ہیں۔شہریوں نے فیملی فیسٹیول کے ساتھ خصوصی فوڈکورٹ اورمختلف فوڈکمپنیوں کے خصوصی اسٹالزکوبھی بے حدسراہاشہریوں نے کہا کہ ایکسپوسینٹر میں تفریح سے بھرپور دن گزارنے کے بعدبھوک مٹانے کے لیے مزے مزے کے فوڈآئٹمزتفریح کو دوبالا کرتے ہیں۔ ایکسپریس فیملی فیسٹیول بچوں میں تو بے حدمقبول ہے۔

والدین کے ہمراہ آنے والے بچوں نے دن بھر مختلف اسٹالزپرہونے والے مقابلوں،گیمز اورصلاحیتوں کے اظہارکیلیے ہونے والی سرگرمیوں میں بھرپورحصہ لیا کامیاب بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔بچوں نے فیملی فیسٹیول میں خوب ہلہ گلاکیاپہلے روزشرکت کرنے والے بچوں نے کہاکہ وہ فیسٹیول کے تمام دنوں میں شرکت کریں گے۔

بچوں اوروالدین نے ایکسپریس فیملی فیسٹیول کوویک اینڈکی بہترین سرگرمی قراردیا۔فیملی فیسٹیول میں کنزیومرگڈزبنانے والی کمپنیوں کی بڑی تعداد کے ساتھ، انشورنس کمپنیاں اور بینک بھی شرکت کررہے ہیں جہاں صارفین کوانشورنس اوربینکنگ کی خدمات کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔مختلف کمپنیاں اپنی مصنوعات رعایتی نرخ پرفروخت کررہی ہیں ۔

جن میں گھریلو استعمال کی اشیا،کاسمیٹکس،جیولری،ملبوسات، کچن آئٹمز،کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں۔ایکسپوسینٹرکاایک وسیع ہال میوزک کنسرٹ کیلیے مخصوص کیاگیاجہاں مختلف فنکاراپنے فن کا مظاہرہ کریںگے۔فیسٹیول آج (اتوارکو) بھی جاری رہے گا۔
Load Next Story