شام و عراق میں پرتشدد واقعات میں 37 افراد ہلاک

عراق میں یرغمال افرادکی تلاش میں سرگرم ادارے نے دعویٰ کیاہے کہ داعش کے ہاں اب بھی 3 ہزار خواتین قید ہیں۔

عراق میں یرغمال افرادکی تلاش میں سرگرم ادارے نے دعویٰ کیاہے کہ داعش کے ہاں اب بھی 3 ہزار خواتین قید ہیں۔ فوٹو: فائل

شام اورعراق میں پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 10بچوں سمیت 37افراد ہلاک اور 69زخمی ہوگئے، عراق میں 3ہزار یزدی خواتین کااب بھی داعش کی تحویل میں ہونے کاانکشاف ہوا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق باغیوں نے سرکاری فورسزکے زیرکنٹرول شامی شہرحلب میں فائرنگ کی جس میں 5بچوں سمیت 13افراد ہلاک اور33 زخمی ہوگئے۔ درعامیں فوج کی بمباری میں مزید 5بچے جاںبحق ہوگئے۔ اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں نے شامی صوبے حمص میں ایک فوجی ہوائی اڈے پرحملہ کیاہے۔ جنگجو صوبے کی مغربی اطراف سے حکومتی عملداری والے علاقوں کی طرف پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔


ادھرعراق کے شہربغداد میں ہونے والے 3بم دھماکوں 19افراد ہلاک اور 36زخمی ہوگئے۔ شیعہ اکثریتی علاقے بغدادصدر کے مصروف حصے حبیبیہ میں نصب بم پھٹنے سے 9افراد مارے گئے۔ ایک اورواقعے میں طربیہ کے علاقے میں واقع سبزی منڈی میں نصب بم پھٹنے سے 6افراد مارے گئے۔ انٹیلی جنس برانچ کے دفتر کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں بھی 4افراد ہلاک ہوئے۔ عراق میں یزدی فرقے کے گم شدہ افراداور داعش کے ہاتھوں یرغمال افرادکی تلاش میں سرگرم ادارے نے دعویٰ کیاہے کہ داعش کے ہاں اب بھی یزدی فرقے کی 3 ہزار خواتین قید ہیں۔ پچھلے کچھ عرصے میں 900 افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے۔

سعودی بادشاہ نے عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کوسعودی عرب کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ انڈونیشیا کی انسداددہشت گردی پولیس نے ایسے 5افراد کو گرفتار کرلیا ہے جو مبینہ طورپر اسلامک اسٹیٹ میں شامل ہونے کی غرض سے شام جانے کی کوشش کرنے والوںکی معاونت کررہے تھے۔ جاپانی عوام کی اکثریت کی رائے میں ٹوکیو حکومت کوبیرونی ممالک میں کوئی عسکری آپریشن شروع نہیں کرنا چاہئیں۔


Load Next Story