مصباح الحق ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے بھی دستبردار ہونے کو تیار

بورڈ ون ڈے کےساتھ ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان تلاش کرلے کیونکہ دسمبر میں ٹیسٹ کرکٹ سےریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں گا،مصباح الحق

مصباح سے کہا ہے کہ وہ فی الحال ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھیں، چیرمین پی سی بی فوٹو:فائل

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ایک روزہ میچز کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی چھوڑنے کی پیشکش کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مصباح الحق نے چیرمین پی سی بی شہریار خان سے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ ون ڈے کے ساتھ ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان تلاش کرلے کیوں کہ وہ رواں سال دسمبر میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔


دوسری جانب چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی کئی مسائل کا سامنا ہے اور ون ڈے ٹیم کے لئے بھی کپتان کی تلاش آزمائش ہے اس لئے مصباح الحق سے کہا ہے کہ وہ فی الحال ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھیں جس پر مصباح نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے عارضی طور پر قیادت جاری رکھنے کی حامی بھرلی۔

واضح رہے کہ رواں سال قومی ٹیم کو سری لنکا، انگلینڈ اور بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلنا ہے جب کہ بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز آئندہ ماہ متوقع ہے۔
Load Next Story