کوئی بھی ہماری آزادی کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا سربراہ پاک فضائیہ

آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ میں پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کی کمر توڑدی، ایئر چیف مارشل سہیل امان

پاسنگ آؤٹ تقریب میں 133 جی ڈی پائلٹ، 78 انجینئرنگ اور 13 اے اینڈ ایس ڈی کورسز میں گریجویشن مکمل کرنے والوں نے حصہ لیا۔ فوٹو: فائل

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ آپریشن ''ضرب عضب'' نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کا اختتام مسلح افواج کی کامیابی پر ہوگا۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب ہوئی جس سے خطاب کے دوران ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف تینوں افواج کا مربوط آپریشن جاری ہے اور آپریشن ''ضرب عضب'' میں پاک فضائیہ نے دہشت گردوں کی کمر توڑدی، پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارتیں معیار کی بلندی پر ہیں اور کوئی بھی ہماری آزادی کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جیت کے علاوہ کوئی آپشن نہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کا اختتام فورسز کی کامیابی پر ہوگا۔


اس سے قبل پاسنگ آؤٹ تقریب میں 133 جی ڈی پائلٹ، 78 انجینئرنگ اور 13 اے اینڈ ایس ڈی کورسز میں گریجویشن مکمل کرنے والوں نے حصہ لیا، پاسنگ آؤٹ تقریب کے مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل سہیل امان تھے جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا جب کہ انہیں پاک فضائیہ کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی، تقریب میں کورس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو اعزازت دیئے گئے جن میں چیمپئین اسکواڈرن کو قائد اعظم بینر سے نوازا گیا جب کہ فلائٹ آفیسر کاشف حیات کو چیئرمین جوائنٹس چیفس آف اسٹاف ٹرافی دی گئی۔

چیف آف ایئر اسٹاف ٹرافی اور اعزازی شمشیر کا اعزاز پائلٹ آفیسر احسن نوید کے حصے میں آیا، بہترین پرواز پر چیف آف ایئر اسٹاف ٹرافی پائلٹ آفیسر سکندر وسیم کو دی گئی، مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر فدا محمد خان کو اعزازی شمشیر ملی جب کہ بہترین کارکرگی کا اعزاز پائلٹ آفیسر محمد اسامہ کے حصے میں آیا۔
Load Next Story