اسرائیلی جارحیت میں فلسطینیوں کی شہادتیں1967 کے بعد بڑا جانی نقصان قرار

اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 550 بچوں سمیت بڑی تعداد میں شہری جاں بحق ہوئے، اقوام متحدہ کی رپورٹ

فلسطینی باشندوں کی زندگی، آزادی اور املاک مسلسل خطرات کی شکار ہے، رپورٹ، فوٹو:فائل

اقوامِ متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں گزشتہ برس اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینیوں کے جاں بحق ہونے کو 1967 کے بعد دوسرا بڑا جانی نقصان قرار دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال اسرائیل نے غزہ پر پے درپے حملے کیے جس کے نتیجے میں 550 بچوں سمیت بڑی تعداد میں شہری جاں بحق ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی پر 18 لاکھ فلسطینی آباد ہیں اور اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 1500 سے زیادہ ہے جب کہ 11 ہزار افراد زخمی اور ایک لاکھ کے قریب بے گھر ہیں۔


رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں 1967 کے بعد سب سے بڑا جانی نقصان ہے جس کے باعث فلسطینی باشندوں کی زندگی، آزادی اور املاک مسلسل خطرات کی شکار ہے۔

دوسری جانب ایمنیسٹی انٹرنیشنل، اقوامِ متحدہ کا انسانی حقوق کونسل (UNHRC) اور دیگر تنظیموں نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ تل ابیب حکومت نے شہری ٹھکانوں پر فاسفورس بموں سے حملے کیے جن میں اسکول اور اسپتالوں کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ ادھر رملہ میں فلسطینی اتھارٹی دفتر نے اسرائیلی بربریت کے خلاف بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں پہلا مقدمہ دائر کرنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور توقع ہے کہ یکم اپریل تک یہ مقدمہ داخل کردیا جائے گا۔
Load Next Story