بلیک لائیولی متنوع کرداروں کا انتخاب اس کی ترجیح ہے

ائیولی اس سیریز میں زبردست اداکاری پر متعدد ایوارڈ بھی جیت چکی ہے۔

ائیولی اس سیریز میں زبردست اداکاری پر متعدد ایوارڈ بھی جیت چکی ہے۔ فوٹو : فائل

ان دنوں ایک امریکی ٹیلی ویژن چینل سے ڈراما سیریز ''Gossip Girl '' دکھائی جارہی ہے۔

مقبولیت کے لحاظ سے یہ سیریز ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے تمام پروگراموں میں سرفہرست ہے۔ ''گوسپ گرل'' اور خاص طو رپر اس کی مرکزی اداکارہ نے نوجوان نسل کو اپنا دیوانہ بنالیا ہے۔ اس ڈراما سیریز میں ٹین ایج لڑکیوں کے طرز زندگی کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس شو کا مرکزی کردار ایک شوخ و چنچل لڑکی کا ہے جسے بلیک لائیولی ادا کررہی ہے۔ اس سیریز کی شروعات 2007ء میں ہوئی تھی اور چند ہی ماہ میں یہ سیریز مِنی اسکرین کے ناظرین کی پسندیدہ بن گئی اور اس کی مقبولیت آج بھی قائم ہے۔ ''گوسپ گرل'' کی اس قدر پسندیدگی میں سب سے اہم کردار بلیک لائیولی کا ہے جس نے اپنی شان دار پرفارمینس سے اس شو میں ناظرین کی دل چسپی برقرار رکھی ہوئی ہے۔

ائیولی اس سیریز میں زبردست اداکاری پر متعدد ایوارڈ بھی جیت چکی ہے۔ ٹیلی ویژن کے علاوہ یہ خوب صورت لڑکی فلموں میں بھی اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کا جادو جگا رہی ہے۔ اس کے کریڈٹ پر The Sisterhood of the Traveling Pants اور Accepted کے علاوہ کئی کام یاب فلمیں ہیں۔

بلیک لائیولی کی عمر تو 25 سال ہے لیکن اس کی اداکاری کا معیار کسی بھی طرح سینیئر اداکاروں سے کم نہیں بلکہ کئی بار تو اس نے تجربہ کار اداکاروں سے بھی بہتر پرفارمینس دی ہے۔ لائیولی اپنی غیر معمولی اداکاری کا سبب اپنے والدین کو قرار دیتی ہے جن کا تعلق شوبز سے ہے ۔ وہ کہتی ہے کہ میرے ڈیڈی اور ممّی مجھے اداکارہ کے رُوپ میں دیکھنا چاہتے تھے اسی لیے انھوں نے چار پانچ برس کی عمر ہی سے مجھے اداکاری کی تربیت دینی شروع کردی تھی جس کی وجہ سے میری صلاحیتیں بہت جلد نکھر گئیں۔

عام طور پر امریکی اداکاروں کا سفر ٹیلی ویژن سے شروع ہوتا ہے لیکن بلیک کے کیریر کا آغاز بڑے پردے سے ہوا۔ اس نے 1998ء میں بہ طور چائلڈ اسٹار فلم Sandman میں ایک مختصر رول کیا تھا۔ چند برس تک وہ فلم انڈسٹری سے دور رہی اور پھر 2005ء میں The Sisterhood of the Traveling Pantsسے شان دار انداز میں اس کی واپسی ہوئی۔ ٹین ایجرز پر بنائی گئی یہ فلم نہ صرف سپرہٹ رہی تھی بلکہ بلیک کو اس کی متاثر کن پرفامینس پر کئی ایوارڈز کے لیے نام زد بھی کیا گیا۔ 2008ء میں اس فلم کا دوسرا حصہ ریلیز کیا گیا جو پہلے حصے ہی کی طرح بہت مقبول ہوا۔


بلیک کی دوسری فلم Accepted تھی جو 2006ء میں ریلیز ہوئی۔ پہلی فلم کے برعکس یہ ایک کامیڈی فلم تھی۔ Accepted بلیک کے کیریر کی یادگار فلم ہے۔ اس فلم میں اس نے مونیکا کا کردار اتنے خوب صورت طریقے سے نبھایا کہ اس کی پہچان بن گیا۔ Accepted میں بلیک کی بے ساختگی اور فطری انداز آج بھی ناظرین کے ذہنوں میں محفوظ ہے۔

خوب رُو اداکارہ نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے پہلے ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ خود پر کسی مخصوص کردار کی چھاپ نہیں لگنے دے گی۔ وہ اس بات سے بہ خوبی واقف تھی کہ مخصوص کردار کی چھاپ لگنے سے ایک اداکار کا کیریر مشکلات کا شکارہوجاتا ہے۔ علاوہ ازیں اس کی صلاحیتیں کھل کر سامنے نہیں آپاتیں کیوں کہ اسے ایک ہی جیسے کرداروں کی آفرز ہونے لگتی ہیں اور وہ یہ رول کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ چناں چہ اس نے متنوع کرداروں کو اپنی ترجیح بنالیا۔ اس کی اگلی فلم Simon Says ایک ہارر فلم تھی جب کہ Elvis and Anabelle میں اس نے سنجیدہ اور رومانوی رول کیا تھا۔

2009ء میں بلیک کی دو فلمیں منظر عام پر آئی تھیں۔ دونوں ہی فلمیں مختلف موضوعات پر مبنی تھیں۔ New York, I Love You گیارہ مختصر فلموں کا مجموعہ تھی۔ The Private Lives of Pippa Lee میں سنجیدگی کا عنصر نمایاں تھا۔ اس فلم میں بلیک کو معاون اداکارہ کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ 2010ء میں بلیک لائیولی نے The Town میں خوب صورت پرفارمینس کے ذریعے اپنے کیریر کو استحکام دیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب وہ جرائم کے موضوع پر بنائی گئی فلم میں نظر آئی۔ ریبیکا ہال اس فلم کی دوسری ہیروئن تھی لیکن بلیک کی شان دار اداکاری ریبیکا کی پرفارمینس پر غالب رہی تھی۔ متنوع کرداروں کے انتخاب کی پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہوئے 2011ء میں اس نے Green Lantern میں ریان رینلڈ کے مقابل بہترین اداکاری سے اپنی شہرت کا دائرہ وسیع کیا۔ Green Lantern ایک سپر ہیرو فلم تھی۔

باصلاحیت اداکارہ کی تازہ ترین فلم Savages ہے جو رواں برس، جولائی میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ اس فلم کی کاسٹ میں جان ٹروولٹا اور سلما ہائیک جیسے اداکار بھی شامل تھے۔ ڈائریکٹراولیور اسٹون نے اس فلم میں جرائم کی دنیا کے شب و روز کو مہارت سے پیش کیا ہے۔ Savages میں لائیولی کی اداکاری کو اس کے مداحوں کے علاوہ ناقدین نے بھی سراہا۔

خوب صورتی اور دل کش شخصیت کی وجہ سے متعدد فیشن میگزین کے سرورق پر بلیک کی تصاویر شایع ہوچکی ہیں، کئی جرائد نے اسے دنیا کی پچاس حسین ترین خواتین میں شامل کیا ہے۔ اداکاری کے علاوہ بلیک اب ماڈلنگ کے میدان میں بھی اپنے قدم جما رہی ہے۔ کئی بین الاقوامی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے اس سے معاہدے کرچکی ہیں لیکن بلیک کا کہنا ہے کہ اداکاری اس کی پہلی ترجیح ہے اور خود کو ورسٹائل اداکارہ ثابت کرنا اس کا مقصد ہے، اور اگر کبھی اس راہ میں ماڈلنگ حائل ہوئی تو وہ اس شعبے سے کنارہ کش ہوجائے گی۔
Load Next Story