ای کامرس ویب سائٹس

فلموں کی تشہیر کا اہم ذریعہ بن گئیں

کچھ عرصہ قبل تک معروف فلمی اور سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس ہی پر فلموں کے اشتہار نظر آتے تھے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
فلموں کی کام یابی میں ان کی تشہیر کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

بہت سی فلمیں معیاری ہونے کے باوجود مؤثر تشہیر نہ ہونے کی وجہ سے ناکام ہوجاتی ہیں۔ تشہیر کی اہمیت کے پیش نظر فلم ساز اپنی فلموں کی تشہیری مہم چلانے کے لیے مختلف طریقے اختیار کرتے ہیں۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جہاں مختلف نئے رجحانات نے جنم لیا وہیں فلموں کی تشہیری مہم چلانے کے انداز بھی بدلتے رہے۔ بولی وڈ کے فلم ساز فلم بینوں کی توجہ اپنی فلم کی جانب مبذول کروانے کے لیے ہر ممکن طریقہ اختیار کر رہے ہیں۔ روایتی طریقوں اور فلموں کو دیدہ و دانستہ تنازعات میں ملوث کرنے جیسے ہتھکنڈوں کے علاوہ اب انٹرنیٹ بھی فلموں کی تشہیر کا اہم ذریعہ بن گیا ہے۔

کچھ عرصہ قبل تک معروف فلمی اور سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس ہی پر فلموں کے اشتہار نظر آتے تھے مگر اب ای کامرس کی ویب سائٹس فلم سازوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ ای کامرس کی سہولت فراہم کرنے والی ویب سائٹس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے فلم سازوں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ انھیں اپنی فلموں کی تشہیر کے لیے استعمال کریں۔ بولی وڈ کے فلم سازوں کی بڑی تعداد فلموں کی تشہیر اور ان کی ڈی وی ڈیز وغیرہ کی فروخت کے لیے ان ویب سائٹس سے معاہدے کررہی ہے۔


حال ہی میں '' ہیروئن'' ، '' جل پری'' اور '' کاک ٹیل'' کی تشہیر کے لیے ان فلموں کے پروڈیوسرز نے معروف بھارتی ای کامرس ویب سائٹس سے استفادہ کیا۔

فلموں کی تشہیر کے لیے ای کامرس ویب سائٹس کا انتخاب کرنے کی وجہ کے بارے میں اسنیپ ڈیل ڈاٹ کوم کے سربراہ منگیش شندے کہتے ہیں،'' ای کامرس بزنس تیزی سے پھیل رہا ہے اور نوجوان نسل بھی جدید ٹیکنالوجی کی گرفت میں ہے۔ اسی لیے دیگر شعبوں کی طرح پبلسٹی کے شعبے میں بھی نئی نئی راہیں جنم لے رہی ہیں۔'' اسنیپ ڈیل ڈاٹ کوم نے '' جل پری'' کی تشہیر کا ' بیڑہ اٹھایا' تھا۔ ڈائریکٹر نیل مادھو پانڈا کی یہ فلم بھارت میں پیدائش سے پہلے ہی لڑکیوں کو قتل کردینے کے قبیح فعل کے پس منظر میں بنائی گئی تھی۔

کرینا کپور اور ارجن رام پال کی تازہ ترین فلم ''ہیروئن'' اور رنبیر کپور اور پریانکا چوپڑا کی فلم'' برفی'' کی تشہیر کے لیے یو ٹی وی موشن پکچرز نے مائی ڈالا ڈاٹ کوم کو اپنا مارکیٹنگ پارٹنر بنایا تھا۔ اس آن لائن پورٹل نے اپنی ای کامرس ویب سائٹس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک اور ٹویٹر اور گوگل پلس پر بھی ان فلموں کی تشہیری مہم چلائی تھی۔

سیف علی خان اور دیپکا پاڈوکون کی فلم '' کاک ٹیل'' کے پروڈیوسر نے تشہیر کے ساتھ ساتھ اس فلم کے میوزک اور ڈی وی ڈیز کی فروخت کے لیے منتر ڈاٹ کوم سے معاملات طے کیے تھے۔ '' کاک ٹیل'' کے ڈائریکٹر ہومی ایڈجانی ای کامرس ویب سائٹس پر فلموں کی تشہیر کے نئے رجحان کے بارے میں کہتے ہیں،''نوجوان نسل پر بولی وڈ کا ہمیشہ سے گہرا اثر رہا ہے۔ فلمیں ان کے لیے تفریح کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔ دوسری جانب آن لائن خریداری کا رجحان بھی بہت مقبول ہوچکا ہے۔ اس رجحان کی وجہ سے ای کامرس ویب سائٹس بھی مقبولیت میں اب سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کا مقابلہ کررہی ہیں۔ اسی لیے ای کامرس اب اہم تشہیری ہتھیار بن گیا ہے جسے نظرانداز کرنا فلم سازوں کے لیے ممکن نہیں۔''
Load Next Story