یمن سے 215 پاکستانیوں کو چینی بحری جہاز کے ذریعے جبوتی منتقلی کے انتظامات مکمل

پاکستانیوں کے جبوتی پہنچنے کے بعد کراچی سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 7004 روانہ ہوگی جو انہیں وطن واپس لائے گی

جمعرات کو پاک بحریہ کا ایک جہاز مکلا سے تقریباً 150 پاکستانیوں کو کراچی لے کر آئے گا، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

یمن کے شہر عدن میں موجود 215 پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے چین کے بحری جہازوں کے ذریعے ان کی قریبی ملک جبوتی منتقلی کے انتظامات مکمل ہوگئے ہیں۔


یمن کی بندرگاہ پر موجود 215 پاکستانیوں کی وطن روانگی کے لئے امیگریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں چین کے بحری جہازوں کے ذریعے قریبی ملک جبوتی منتقل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جہاں ایتھوپیا میں پاکستان کے سفیر نے پاکستانیوں کے قیام، امیگریشن اور پاکستان واپسی کے خاطر خواہ انتظامات کئے ہیں، پاکستانیوں کے جبوتی پہنچنے کے بعد کراچی سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 7004 روانہ ہوگی جو انہیں وطن واپس لائے گی۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ یمن کے شہروں مکلا اور صنعا میں اب بھی درجنوں پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں، اس سلسلے میں جمعرات کو پاک بحریہ کا ایک جہاز مکلا سے تقریباً 150 پاکستانیوں کو کراچی لے کر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعا میں اب بھی 70 سے 90 پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جو 2 روز قبل حدیدہ جانے والے قافلے میں شامل نہیں ہو سکے تھے اور یہ افراد کسی اور شہر جانے کے لئے رضا مند نہیں اس لئے اس مشکل صورتحال میں انہیں صنعا ہی سے خصوصی طیارے کے ذریعے نکالنے کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ وضع کردہ ''نو فلائی زون'' سے استثنیٰ دے جب کہ صنعا کے ہوائی اڈے پر بھی مقامی حکام سے رابطہ کیا جارہا ہے۔
Load Next Story