کراچی ایئرپورٹ سے سانحہ  بلدیہ کا مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا گرفتار پولیس کا دعویٰ

ملزم کو حساس اداروں کی مدد سے بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ایڈیشنل آئی جی کراچی

2012 میں بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آگ لگنے سے 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے، فوٹو:فائل

پولیس نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ گرفتار کیے جانے والے شخص کے بھائی کا کہنا ہے کہ پولیس نے جس شخص کو گرفتار کیا وہ عبدالرحمان عرف بھولا نہیں بلکہ عبدالرحمان میمن ہے۔

پولیس کے مطابق سانحہ بلدیہ ٹاؤن کا مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا غیر ملکی پرواز کے ذریعے بیرون ملک فرار ہورہا تھا کہ اسے کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عبدالرحمان عرف بھولا دبئی فرار ہورہا تھا جسے حساس اداروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا اور تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا ہے۔


دوسری جانب گرفتار کیے جانے والے شخص کے بھائی کا کہنا ہے کہ پولیس نے کراچی ایئرپورٹ سے جس شخص کو گرفتار کیا وہ سانحہ بلدیہ کا مرکزی ملزم عبدالرحمان عرف بھولا نہیں بلکہ عبدالرحمان میمن ہے جو کھیپی کا کام کرتا ہے جب کہ اس کے شناختی کارڈ پر رہائشی پتا گلشن اقبال اور مستقل پتا بلدیہ ٹاؤن درج ہے۔

کراچی ایئرپورٹ سے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرنے والے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کی شناخت سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ 2012 میں بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آگ لگنے سے 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ 2013 میں گرفتار ہونے والے ملزم رضوان قریشی نے سانحہ بلدیہ میں رحمان عرف بھولا کے ملوث ہونے کی نشاندہی کی تھی۔
Load Next Story