عامرخان کا 30 مئی کو امریکی باکسرکرس الجیری سے فائٹ کا اعلان

کرس الجیری اچھے باکسر ہیں اس لئے ان سے برابری کا مقابلہ ہوگا،پاکستانی نژاد برطانوی باکسر

الجیری کے خلاف فتح مستقبل میں بڑی فائٹ کے لئے راہ ہموار کرے گی،عامر خان۔ فوٹو:فائل

NEW DELHI:
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اپنی آئندہ فائٹ کے حوالے سے خود اعلان کرکے تمام قیاس آرائیوں کا دم توڑ دیا۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے اعلان کیا ہے کہ وہ 30 مئی کو سابق امریکی لائٹ ویلٹرویٹ چیمپئن کرس الجیری سے رنگ میں مقابلہ کریں گے جب کہ فائٹ کے حوالے سے انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم عامر خان کا کہنا ہے کہ میرے منیجر اور مشیر الہیمن 30 مئی کو ہونے والی فائٹ کا باقاعدہ اعلان کریں گے جب کہ منیجنگ ٹیم سمجھتی ہے کہ نیویارک میں امریکی باکسر کرس الجیری کے خلاف فائٹ مناسب ہے اور وہ مجھے آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔


گزشتہ سال سلور ویلٹرویٹ ٹائٹل اپنے نام کرنے والے عامر خان کا کہنا ہے کہ کرس الجیری اچھے باکسر ہیں اس لئے ان سے برابری کا مقابلہ ہوگا جب کہ وہ مخالف پر حملہ کرنے میں برق رفتار اور زور دار پنچ رسید کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اس لئے امید ہے کہ 30 مئی کو دلچسپ مقابلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک فائٹ کے اعتبار سے اچھا مقام ہے اور الجیری کے خلاف فتح مستقبل میں بڑی فائٹ کے لئے راہ ہموار کرے گی۔

واضح رہے کہ عامر خان اپنے کیرئیر میں 33 بار عالمی مقابلوں میں رنگ میں اتر چکے ہیں جس میں انہیں 30 مرتبہ کامیابی اور 3 فائٹس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ امریکی باکسر کرس الجیری کو اپنے کیرئیر میں صرف ایک شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ انہوں نے 20 مقابلوں میں لگاتار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
Load Next Story