بلدیاتی انتخابات کے لئے پیپلز پارٹی نے انتخابی الائنس بنانے پر مشاورت شروع کردی

کے پی کے، پنجاب اور سندھ میں الگ الگ سیاسی اتحاد بنائے جائینگے جب کہ انتخابی مہم مئی سے شروع ہوگی

کے پی کے، پنجاب اور سندھ میں الگ الگ سیاسی اتحاد بنائے جائینگے جب کہ انتخابی مہم مئی سے شروع ہوگی۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا،پنجاب اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلیے انتخابی الائنس تشکیل دینے پر مشاورت شروع کردی ہے۔


اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے جلد مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جائیں گے اورہرصوبے کی سطح پرالگ الگ انتخابی الائنس تشکیل دیے جائیں گے،پیپلزپارٹی کے ذرائع نے ایکسپریس کوبتایا کہ پیپلزپارٹی نے خیبر پختونخوا، پنجاب اورسندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی حکمت عملی پرمشاورت شروع کردی ہے اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پرہرصوبے کی قیادت اپنی سطح پرسیاسی اتحاد قائم کرے گی، پیپلزپارٹی مئی کے مہینے سے انتخابی مہم کا آغاز کرے گی، پہلے مرحلے میں کے پی کے، دوسرے مرحلے میں پنجاب اور تیسرے مرحلے میں سندھ میں بڑے انتخابی اجتماعات منعقد کیے جائینگے۔

پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کیلیے یونین کونسل سے لے کر ضلع تک انتخابی مہم چلائیگی، انتخابی حکمت عملی کے تعین کیلیے پیپلز پارٹی کی قیادت جلد صوبائی سطح پرالگ الگ اجلاس منعقد کرے گی۔ پنجاب میں ق لیگ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں سے اتحاد کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے پرغورکیاجارہا ہے، سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں ان اضلاع میں اتحاد کیا جائے گا، جہاں پیپلزپارٹی مخالف جماعتوں کی اکثریت ہوگی تاہم کراچی اور حیدرآباد کے حوالے سے بعد میں حکمت عملی طے کی جائیگی، پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوامیں اتحاد تشکیل دیاجائیگا۔
Load Next Story