پاکستانی ڈرائیور نے برطانیہ میں ایمانداری کی مثال قائم کردی

پاکستانی ڈرائیور محمد نثار نے گاڑی میں چھوٹ جانے والا برطانوی شہری کا نوٹوں سے بھرا بیگ واپس کردیا

بیگ میں 10 ہزار برطانوی پاؤنڈ سمیت دیگر سامان بھی موجود تھا، فوٹو:کیٹر نیوز

برطانیہ میں ایماندار پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ایک مسافر کو اس کا نوٹوں سے بھرا بیگ واپس کردیا جس میں 10 ہزار برطانوی پاؤنڈ تھے اور ان کی قیمت پاکستانی 15 لاکھ روپے ہے۔

برمنگھم کے قریب واقعے قصبے والسال ٹرین اسٹیشن پر جب پاکستانی ڈرائیور محمد نثار نے ایک مسافر کو چھوڑا تو وہ جلد بازی میں گاڑی سے اتر کر اسٹیشن کی جانب روانہ ہوگیا اور اس دوران وہ اپنا نوٹوں سے بھرا بیگ گاڑی میں ہی بھول بیٹھا جس میں 10 ہزار برطانوی پاؤنڈ سمیت دیگر سامان بھی موجود تھا۔


برطانوی شہری کے مطابق جب اسے اپنا بیگ یاد آیا تو وہ شدید گھبراہٹ کا شکار ہوا کیونکہ بیگ میں اس کی خطیر رقم موجود تھی جسے اس نے 9 سال کے دوران جمع کی تھی جس کے کھونے سے اس کا کاروبار بھی تبا ہوسکتا تھا۔ برطانوی شہری کا کہنا تھا کہ جب وہ واپس ٹیکسی اسٹینڈ کی جانب پلٹا تو محمد نثار نامی ڈرائیور وہاں اس کا منتظر تھا جس نے اسے بیگ صحیح سلامت لوٹا دیا۔

برطانوی شہری نے ٹیکسی ڈرائیور کو اس کی ایمانداری کے بدلے میں انعامی رقم دی اور اسے اہل خانہ سمیت اپنے گھر بھی مدعو کیا۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں اس پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے پہلے بھی ایک مسافر کو 150 پاؤنڈ اس کے گھر واپس کرکے ایمانداری کی بہترین مثال قائم کی تھی۔
https://www.dailymotion.com/video/x2lvzkm
Load Next Story