ہیلتھ انشورنس اسکیم 30 لاکھ مریضوں کیلیے ایک ارب مختص

پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں سے 30 اضلاع منتخب کیے جائیں گے، ذرائع

پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں سے 30 اضلاع منتخب کیے جائیں گے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

وزارت قومی صحت کی طرف سے ملک میں ہیلتھ انشورنش اسکیم کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، وزیراعظم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر پہلے مرحلے میں ملک کے 30اضلاع میں ہیلتھ انشورنس اسکیم شروع کی جارہی ہے جس سے 30 لاکھ افراد مستفید ہوسکیں گے۔


وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں سے 30 اضلاع منتخب کیے جائیں گے، ان مریضوں کا علاج ترجیحی بنیاد پر کیا جائے گا جو جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہوں گے اس مرحلے میں دل کے امراض کا شکار، کینسر، گردوں کے فیل ہونے اور جگر کی پیوند کاری کے مریض شامل ہوں گے جنھیں سرکاری و پرائیویٹ اسپتالوں میں ہیلتھ انشورنس اسکیم کے ذریعے علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایاکہ وفاقی وزارت صحت کے حکام صوبوں کے ساتھ مشاورتی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم رواں سال جون تک ہیلتھ انشورنس اسکیم کا اجرا ممکن بنایا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں ان مریضوں کا علاج کرایا جائے گا جو جان لیوا امراض میں مبتلا نہیں ہوں گے اس کٹیگری میں شوگر، جوڑوں کے درد، بلڈپریشر، گلے اور معدے کی بیماریوں کے شکار افراد کا علاج کیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے کے لیے موسمی بیماریوں سمیت بچوں اور خواتین کی عام بیماریوں کاعلاج ممکن ہوسکے گا۔ ذرائع کے مطابق ہیلتھ انشورنس اسکیم کے تحت پیچیدہ اور عام بیماریوں میں مبتلا افراد کا ڈیٹا بھی مرتب کیا جائے گا جس کے تحت انھیں مستقبل میں بھی علاج معالجے کی سہولتیں فراہم ہوسکیں گی۔
Load Next Story