تحریک انصاف کا نادرا سے انگوٹھوں کی تصدیق شدہ رپورٹس فراہم کرنے کا مطالبہ

تحریک انصاف نادرا کی تصدیق شدہ رپورٹس جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش کرنا چاہتی ہے، چیرمین نادرا کو خط

آئین کے آرٹیکل 19 اے کے تحت نادرا پر رپورٹ فراہم کرنا لازمی ہے،تحریک انصاف کا خط، فوٹو:فائل

تحریک انصاف نے نادرا سے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق 37 انتخابی حلقوں میں انگوٹھوں کی تصدیق کی تیار شدہ رپورٹس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے چیرمین نادرا عثمان مبین کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے جسے پارٹی کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین نے تحریر کیا۔ چیرمین نادرا کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نادرا کی تیارشدہ رپورٹس کو انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کے سامنے پیش کرنا چاہتی ہے اس لیے 37 انتخابی حلقوں کی انگوٹھوں کی تصدیق سے متعلق تیار شدہ رپورٹس پارٹی کو فراہم کی جائیں۔


خط میں مزید کہا گیا ہے کہ رپورٹس 15 اپریل سے قبل فراہم کی جائیں اوران کا سرکاری طور پر تصدیق شدہ ہونا بھی ضروری ہے۔ خط میں اس بات کو بھی واضح کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 19 اے کے تحت نادرا پر رپورٹ فراہم کرنا لازمی ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے جب کہ تحریک انصاف نے کمیشن کے سامنے پیش کرنے کےلیے دھاندلی کے ثبوت اکٹھا کرنا شروع کردیئے ہیں۔
Load Next Story