بنگلہ دیش کے مصطفی کمال کی دلی مراد پوری ہوگئی

آئی سی سی میں بطور نائب صدر نامزدگی قبول، دو برس بعد صدر بھی بن جائیں گے

بنگلہ دیشی بورڈکی صدارت چھوڑنا ہوگی، پاکستان کو ٹور کیلیے پھرسبزباغ دکھا دیے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بنگلہ دیش کے مصطفیٰ کمال کی دلی مراد آخر کار بر آئی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ان کی بطور نائب صدر نامزدگی کو قبول کرلیا۔

دو برس بعد وہ ایک سال کیلیے صدر بن جائیں گے،آئین کی رو سے انھیں فوری طور پر بنگلہ دیشی بورڈ کی صدارت چھوڑنا ہوگی، خوشی سے سرشار مصطفیٰ کمال نے اس مقام تک پہنچانے والے پاکستان بورڈ کو ٹور کیلیے پھر سے سبز باغ دکھا دیے۔


تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ کمال کی انٹرنیشنل کرکٹ کا سربراہ بننے کی برسوں پرانی خواہش آخر کار پوری ہونے والی ہے، انھیں پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نائب صدارت کیلیے مشترکہ امیدوار نامزد کیا تھا،ایک برس سے زائد عرصے سے آئی سی سی ان کی نامزدگی کو ٹال رہی تھی مگر اب اسے قبول کرلیا گیا ہے، اس طرح اب وہ 2012-14 تک کیلیے کونسل کے نائب صدر مقرر ہوگئے جبکہ موجودہ صدر ایلن آئزک کے 2014 میں عہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد وہ نئی آئینی ترمیم کے تحت دو کے بجائے صرف ایک سال کیلیے عالمی گورننگ باڈی کی صدارت سنبھالیں گے،اس کے ساتھ ان کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی صدارت فوری طور پر چھوڑنا ہوگی۔

مصطفیٰ کمال نے یہ عہدہ حاصل کرنے کیلیے کافی پاپڑ بیلے خاص طور پر پاکستان کو سبز باغ دکھا کر اپنی نامزدگی پر راضی کیا، انھوں نے پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف سے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ ان کو صدر نامزد کردیں تو بدلے میں وہ اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجیں گے، اس سلسلے میں معاملات طے بھی پاگئے تھے مگر ڈھاکا ہائیکورٹ نے ٹور کے خلاف اسٹے آرڈر دے دیا جس سے معاملہ آگے نہیں بڑھ پایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کولمبو میں جاری آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں اپنی نامزدگی پر خوشی سے سرشار مصطفیٰ کمال نے پھر پی سی بی کو سبز باغ دکھائے ہیں کہ عدالت کی جانب سے اسٹے آرڈر ختم ہوتے ہی وہ اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجیں گے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ دیگر معاملات کے بارے میں کیے جانے والے فیصلوں کی تفصیلات بورڈ میٹنگ کے اختتام پر جاری کی جائیں گی۔
Load Next Story