سابق عراقی صدر صدام حسین کے وفادار جنرل فوجی کارروائی میں ہلاک

تکریت میں فوج نے داعش کے خلاف کارروائی کی جس کے دوران سابق جنرل عزت الدوری مارے گئے،گورنرصلاح الدین

عزت الدوری کو موجودہ حکومت کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کا ماسٹرمائنڈ سمجھا جاتا تھا۔ فوٹو:فائل

عراق کے سابق صدر صدام حسین کے وفادار فوجی جنرل سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہوگئے۔


غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سابق عراقی صدر صدام حسین کے وفادارترین اشخاص میں شامل سابق فوجی جنرل عزت الدوری صوبہ صلاح الدین میں فورسزکی کارروائی کے دوران ہلاک ہوگئے، عزت الدوری کو موجودہ حکومت کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کا ماسٹرمائنڈ سمجھا جاتا تھا جب کہ ملک بھر میں داعش کو پھیلانے میں بھی ان کا اہم کردار تھا جنہوں نے داعش کے جنگجوؤں کو ملک میں تخریبی کارروائیوں میں مدد بھی فراہم کی۔

دوسری جانب صوبہ صلاح الدین کے گورنر نے تصدیق کی ہے کہ سابق جنرل عزت الدوری ملٹری آپریشن میں مارے گئے ہیں جب کہ انہوں نے فوجی کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے مزید کہا کہ مغربی شہرتکریت میں فوج اور داعش جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران عزت الدوری بھی کارروائی میں مارے گئے۔
Load Next Story