متحدہ قومی موومنٹ نے این اے 246 کا میدان مار لیا

کنورنوید نے 95 ہزار 644 ووٹ، عمران اسماعیل نے 24 ہزار821 اور راشد نسیم نے 9 ہزار56 ووٹ حاصل کئے۔

این اے 246 کی نشست نبیل گبول کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی، فوٹو:فائل

لاہور:
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے سرکاری نتیجے کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار کنور نوید جمیل 95 ہزار سے زائد ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیوایم کے امیدوارنے 95 ہزار 644 ووٹ حاصل کرکے ضمنی انتخاب آسانی کے ساتھ جیت لیا جب کہ تحریک انصاف کے عمران اسماعیل دوسرے اورجماعت اسلامی کے راشد نسیم تیسرے نمبر پر رہے۔ سرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل نے ضمنی انتخاب میں 95 ہزار 644 ووٹ حاصل کرکے مخالف امیدواروں کو واضح فرق کے ساتھ شکست دی، ماضی میں کسی امیدوارنے ضمنی انتخاب میں اتنے ووٹ حاصل نہیں کیے،تحریک انصاف کے عمران اسماعیل 24 ہزار821 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور راشد نسیم 9 ہزار56 ووٹ لے کر حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔



رینجرزکی کڑی نگرانی میں ہونے والے شفاف انتخابات میں عوام کی اکثریت نے اپنی حمایت کا پلڑا ایم کیوایم کے حق میں ڈال دیا،ضمنی الیکشن میں ووٹ اندراج کرنے کاتناسب بھی 36.72 فیصد رہا۔ ووٹنگ کے لیے کسی بھی شخص کو شناختی کارڈ کے بغیر پولنگ اسٹیشنز کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی، بعض پولنگ اسٹیشنر پر امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس نہ پہنچنے پر ووٹنگ کا عمل تاخیر کا شکار ہوا جب کہ فیڈرل کیپیٹل ایریا میں پولنگ اسٹیشن نمبر 172 اور 173 کو ختم کردیا گیا،جس پر پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز نے احتجاج کیا۔





این اے246کے ضمنی الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد عزیزآباد سمیت جگہ جگہ ایم کیوایم کے ہمدردوں اورکارکنوں نے جشن فتح منایا۔مرکزی تقریب جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں ہوئی جہاں موجودہزاروں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے تاریخی کامیابی پر 3 روزہ جشن منانے کا اعلان کیا اورکہا کہ جشن کے دوران شہر کی گلی محلوں میں کامیابی کے دیے جلائے جائیں۔






ایم کیو ایم قائد نے کہا کہ ہم انتخابی مہم کے دوران مخالفین کے نقصانات کاازالہ کریں گے،اللہ تعالیٰ عزت دینے والا ہے اور اس نے ایم کیوایم کی لاج رکھ لی،کارکنوں اور عوام نے میراسرفخر سے بلند کردیا، حق پرست عوام نے کنور نوید کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرا کرایم کیو ایم پرعائد تمام الزامات اور میڈیا ٹرائل کو مسترد کر دیا ہے،بہت سے پولنگ اسٹیشنوں سے جعلی ووٹ نکلے لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری، ضمنی الیکشن کے موقع پرخوف کی فضا قائم کی گئی لیکن ہم ثابت قدم رہے،شناختی کارڈساتھ رکھنے کا حکم غیرآئینی ہے،غیر قانونی اسلحے پر14سال نہیں عمر قید کی سزادی جائے لیکن غیرقانونی اسلحہ صرف کراچی نہیں پورے پاکستان میں ہے،مسلم لیگ ن سمیت دیگرجماعتوں میں بھی عسکری ونگ ہیں۔

این اے 246 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا،حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 57 ہزار 781 ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 96 ہزار 186 جب کہ ایک لاکھ 61 ہزار 594 خواتین ووٹرز ہیں، حلقے میں 213 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے جب کہ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے امید واروں سمیت 12 امیدواروں نے انتخاب میں حصہ لیا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2nq17n_altaf-hussain_news



کریم آبادمیں واقع دہلی گورنمنٹ بوائزاسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن کے پریذائیڈنگ افسرسیدماجد علی اور ووٹرریحان احمدکورینجرز نے حراست گرفتار کرلیا، رینجرز ترجمان کے مطابق پریذائیڈنگ افسرسیدماجد علی نے ریحان احمدکوغلط طور پر ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی تھی،ریحان احمد حلقہ این اے246 کا رجسٹرڈ ووٹرنہیں تھا ، غلط ووٹ کاسٹ کرانے پر رینجرزنے اپنے مجسٹریٹ درجہ اول کے اضافی اختیارات کے تحت پریذائیڈنگ افسرسیدماجد علی کو 3ماہ قید اور 5ہزارروپے جرمانے کی سزا سنا دی جبکہ جعلی ووٹ ڈالنے کے الزام میں ریحان احمدکو6 ماہ قیداور5ہزارروپے جرمانے کی سزادی ہے۔ایک اور واقعے میں رینجرز نے شریف آباد کے زبیدہ اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر156سے اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر جاویدصدیقی کوبھی انتخابی دھاندلی کے الزام پرحراست میں لے لیا۔



دوسری جانب غریب آباد کے پولنگ اسٹیشن نمبر105سے ایک خاتون ووٹر ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد ربر اسٹمپ ( مہر )اپنے ساتھ لے کر چلتی بنیں،غفلت برتنے پررینجرز نے پولنگ ایجنٹ کوحراست میں لے لیاجبکہ واقعے کے باعث پولنگ کاعمل تاخیرکاشکارہوا۔فیڈرل بی ایریا بلاک14 میں واقعے کے ڈی اے اسکول میں نامعلوم افراد نے مخالف امیدوار کے اسسٹنٹ پولنگ ایجنٹ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس پراسسٹنٹ پولنگ ایجنٹ نے تحریری طور پر درخواست کے ذریعے رینجرز کوآگاہ کردیا،رینجرز اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے3 افراد کوحراست میں لے لیا اور پوچھ گچھ کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2nptxz_poling-in-n-a-246_news
Load Next Story