افغانستان میں طالبان کے حملوں اور بم دھماکوں میں 9 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 17 افراد ہلاک

صوبے بادغیس میں سرحدی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں 9 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے

مغربی افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم حملے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد ہلاک ہوگئے، فوٹو:فائل

افغانستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے اور سڑک کنارے بم دھماکے کے نتیجے میں 9 اہلکاروں سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طالبان کی جانب سے افغانستان کے شمال مغربی صوبے بادغیس کے ضلع مرغب میں قائم چیک پوسٹ پر صبح کے اوقات میں حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 9 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جھڑپ میں 4 طالبان بھی مارے گئے ہیں جب کہ حملہ آوروں نے جاتے ہوئے چیک پوسٹ کے اطراف میں بارودی سرنگیں بھی بچھادیں جنہیں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ختم کیا گیا۔


دوسری جانب مغربی افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم حملے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد ہلاک ہوگئے، واقعے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم حکام نے اس کا ذمہ دار بھی طالبان کو قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ حملے ایسے وقت کیے گئے جب طالبان کی جانب سے رواں سال موسم بہار میں بھر پورقوت کے ساتھ حملوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
Load Next Story