ٹیکس گوشوارے آن لائن جمع کرانے کیلیے نیا نظام تیار

تاجروں وصنعتکاروں سمیت ٹیکس دہندگان کے تحفظات دورکرنے کے لیے ای فائلنگ کا ریٹرن فارم بھی سادہ بنایا جارہا ہے

ای فائلنگ کے موجودہ نظام کے بارے میں ملک بھر کے تاجروں و صنعت کاروں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جارہا تھا، ذرائع۔ فوٹو : فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے الیکٹرانیکلی ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا نیا سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ای فائلنگ کو سادہ و آسان بنانے کے لیے نیا الیکٹرانک ریٹرن فائلنگ سسٹم تیار کرلیا ہے جو منظوری کے لیے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان کے تحفظات دور کرنا ہے اور ای فائلنگ میں ٹیکس دہندگان کو درپیش پیچیدگیوں کو دور کرکے سادہ و آسان نظام متعارف کرانا ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے ایف بی آر کو ہدایت کی گئی تھی جس پر یہ نیا سسٹم تیار کیا گیا ہے، ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل سے منظوری کے بعد یہ سسٹم حتمی آرا کے لیے پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد اس سسٹم کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ای فائلنگ سسٹم کے تحت ٹیکس دہندگان کے لیے ای فائلنگ کا ریٹرن فارم بھی سادہ بنایا جارہا ہے اور اس میں شامل غیر ضروری شرائط کو نکالا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ای فائلنگ کے موجودہ نظام کے بارے میں ملک بھر کے تاجروں و صنعت کاروں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جارہا تھا اور مختلف طبقوں کی جانب سے ای فائلنگ کے سسٹم کو سادہ و آسان بنانے کے مطالبات کیے جارہے تھے جس کے باعث ایف بی آر نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story