مسوڑھوں میں درد اور سوزش کیلئے آزمودہ علاج

گھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے مسوڑھوں کے تمام امراض کا علاج ممکن ہے۔

سگریٹ نوشی کرنے والے زیادہ تر افراد مسوڑھوں کے مسائل کا شکار بن جاتے ہیں ۔فوٹو : فائل

مسوڑھے میں درد، سرخی اور سوزش جیسے مسائل کو کبھی بھی کم اہمیت یا نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ یہ بیماریاں انسان کی مجموعی صحت کو بے حد متاثر کر سکتی ہیں، لیکن ڈاکٹر کے پاس جانے سے قبل ایک بار درج ذیل گھریلو علاج کو ضرور آزمائیں کیوں کہ ماہرین کے مطابق گھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے مسوڑھوں کے تمام امراض کا علاج ممکن ہے۔ یہ ٹوٹکے نہ صرف آپ کو مسوڑھوں بلکہ منہ کے دیگر امراض سے بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

ذہنی دبائو: اکیڈمی آف جنرل ڈینٹسٹری کے مطابق ذہنی دباؤ اور دانتوں کی صحت میں ایک ربط یا تعلق ہے۔ ذہنی دباؤ کے شکار افراد میں قوت مدافعت کا نظام کمزور ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ ایسے بیکٹریا سے لڑنے کی صلاحیت کھو بیٹھتے ہیں جو مسوڑھوں کے امراض کو جنم دیتے ہیں۔ لہذا مسوڑھوں کے امراض سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ذہنی دبائو کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیا جائے۔

(بحری) نمک والا پانی: ایک کپ گرم پانی میں نمک کو حل کرکے تقریباً 30 سیکنڈز تک ایک گھونٹ منہ میں رکھنے کے بعد تھوک دیں۔ اس مشق کو دن میں دومرتبہ کئی بار دھرانے سے آپ مسوڑھوں کی سوزش سمیت دیگر انفیکشنز سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

چائے کا بیگ (ٹی بیگ) : گرم پانی میں ٹی بیگ ڈالیں اور تھوڑی دیر بعد اسے نکال کر ٹھنڈا کر لیں۔ بعدازاں اس ٹی بیگ کو 5منٹ تک مسوڑھوں کے متاثرہ حصہ پر رکھ لیں، تو آپ ٹی بیگ میں موجود ٹینک ایسڈ سے فوری آرام محسوس کریں گے۔

شہد کی مالش: شہد میں قدرتی طور پر اینٹی بیکٹریل صلاحیت موجود ہوتی ہے، لہذا برش کرنے کے بعد شہد کو متاثرہ جگہ پر لگا کر ہلکی سی مالش کرنے سے انفیکشن کو ختم کیا جا سکتا ہے۔


کروندے (کرین بیری) کا جوس: کروندے کا جوس بیکٹریا کو آپ کے دانتوں سے چمٹنے سے باز رکھتا ہے، لہذا روزانہ تقریباً 4 اونس کروندے کا جوس ضرور پیئں۔

لیموں کی پیسٹ: لیموں کے رس میں نمک ملا کر ایک پیسٹ بنا لیں اور پھر اسے اپنے دانتوں پر لگائیں۔ 5 منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے غراروں کے ذریعے منہ صاف کر لیں تو آپ کو مسوڑھوں کے درد سمیت دیگر مسائل میں واضح آرام محسوس ہوگا۔

وٹامن سی سے بھرپور غذائیں: صرف لیموں ہی نہیں بلکہ وٹامن سی سے بھرپور دیگر غذائیں جیسے مالٹا، انگور، پپیا اور سٹرابیری بھی دانتوں کے لئے بہت اچھے تصور کئے جاتے ہیں۔ وٹامن سی ایک اینٹی آکسیڈینٹ ہے جو آپ کو مسوڑھوں کے مختلف مسائل سے پیدا ہونے والے امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔

وٹامن ڈی: مسوڑھے میں سوزش کی صورت میں وٹامن ڈی کا استعمال زیادہ کریں، یعنی ایسی غذائیں کھائیں جن میں اس وٹامن کی کثیر تعداد پائی جاتی ہو، کیوں کہ یہ نہ صرف پھولے ہوئے مسوڑھے میں آرام دے گا بلکہ آئندہ سے اس بیماری سے حفاظت بھی کرے گا۔

سوڈا سے دانتوں کی صفائی: سوڈا میں موجود ایسڈ کسی بھی دوائی سے زیادہ مسوڑھوں کو مختلف امراض سے محفوظ رکھتا ہے۔ سوڈا کی تھوڑی سی مقدار کو نیم گرم پانی میں مکس کرکے اسے دانتوں پر لگائیں۔

تمباکونوشی سے چھٹکارا: تمباکو جسم میں مختلف انفیکشنزسے لڑنے کی صلاحیت کو کم کر دیتا، اسی وجہ سے آپ دیکھتے ہیں کہ سگریٹ نوشی کرنے والے زیادہ تر افراد مسوڑھوں کے مسائل کا شکار بن جاتے ہیں، لہذا اگر مسوڑھوں کو مرتے دم تک تندرست رکھنا چاہتے ہیں تو تمباکو سے دور رہیں۔
Load Next Story