پشاور نوشہرہ اور چارسدہ میں موسلادھار بارش سے 44 افراد جاں بحق 200 سے زائد زخمی

واحد گڑھی میں ایک ہی گھر کے 6 بچے جاں بحق ہوئے جب کہ ژالہ باری کا 40 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا

تیز آندھی کی رفتار70 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات فوٹو: اے ایف پی

پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اوردیگر علاقوں میں شدید بارشوں، طوفانی آندھی اور ژالہ باری سے تباہی مچ گئی، درجنوں مکانات کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں جس سے بچوں اور خواتین سمیت44 افراد جاں بحق اور200 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں شدید بارش، طوفان اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی، 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی بارش اور آندھی نے گھروں کو ملیامیٹ کردیا،فصلیں برباد ہوگئیں، جگہ جگہ درخت، سائن بورڈ اور بجلی کے کھمبے گرگئے جس سے گھنٹوں روڈ بلاک رہے، مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا، پشاور میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 20 افراد جاں بحق اور80 زخمی اور35مکانات تباہ ہوگئے، واحد گڑھی میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 بھی بچے جاں بحق ہوئے۔ طوفان سے پشاور اسلام آباد موٹر وے پر ٹول پلازہ بھی گرگیا۔ پخہ غلام کے علاقے میں بارش اور تیز آندھی سے30 فیصد گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں۔



چارسدہ میں چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ نوشہرہ میں چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے،شب قدر میں مکانوں کی چھتیں گرنے سے3خواتین سمیت 4 جاں بحق اور ماں بیٹی زخمی ہوگئیں۔ غریب آباد میں نیاز محمد اور اس کی اہلیہ جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے، اوچہ ولہ میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ شب قدر میں گھروں کی دیواریں گرگئیں، چارسدہ کے علاقے گل آباد حسن خیل میں مسجد کی دیوار گرنے سے ایک نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔



نوشہرہ میں جلوزئی متاثرین کیمپ میں بھی کئی خیمے اکھڑ گئے، جلوزئی میرہ جی میں مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں5 افراد زخمی بھی ہوئے، تحصیل پبی میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے4 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے، ژالہ باری نے40سالہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2o2jx6_rain-turns-deadly-in-peshawar_news



سردریاب پکنک اسپاٹ پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی جس کے وجہ سے20 جھونپڑیاں اور فش مارکیٹ کی دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں، شب قدر میں رابطہ پل بھی بلاک ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور میں 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلی جبکہ 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور شدید ژالہ باری بھی ہوئی آئندہ 12 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔ بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن جاری ہے، مقامی انتظامیہ نے امدادی کاموں کیلیے فوج طلب کرلی۔


دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں تیز آندھی کی رفتار70 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی اور آئندہ 24 گھنٹوں میں پشاور، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے۔





آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کیلیے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے این ڈی ایم اے حکام کو ٹیلی فون کر کے پشاور، چارسدہ و دیگر متاثرہ علاقوں میں امدادی سر گرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھی امدادی سر گرمیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔



پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے خیبر پختونخوا کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ امدادی سرگرمیوں کا آغاز کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ قدرتی آفات کی روک تھام اور متاثرہ افراد کی بحالی کیلیے خصوصی اقدام کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پشاور اور مضافاتی علاقوں میں تیز آندھی اور موسلاد ھار بارشوں کے نتیجے میں ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔



متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے پشاور میں ہونے والی تباہی اور جانی ومالی نقصان پردلی افسوس اور گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ پرافسوس ہے،ایم کیوایم کاایک ایک کارکن اس جانی ومالی نقصان پر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابرکا شریک ہے،صوبائی حکومت سے مطالبہ ہے کہ متاثرین کے نقصانات کاازالہ کیاجائے اوربحالی کے کاموں کو ہنگامی بنیادوں پرکیاجائے۔

https://www.dailymotion.com/video/x2o2ipj_rain-in-peshawar_news
Load Next Story