کراچی میں فائرنگ سے ڈی ایس پی محافظ اور ڈرائیور سمیت جاں بحق

واقعہ گلشن حدید میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے ڈی ایس پی عبد الفتح کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی

مقتول ڈی ایس پی گزشتہ روز برطرف ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی پریس کانفرنس میں بھی موجود تھے۔ فوٹو: فائل

گلشن حدید کے علاقے میں کار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی عبد الفتح محافظ اور ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کار پر فائرنگ کا واقعہ گلشن حدید کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے بن قاسم تھانے میں تعینات ڈی ایس پی عبد الفتح کی کار پر دو طرف سے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں عبد الفتح اپنے محافظ اور ڈرائیور سمیت جاں بحق ہوگئے۔ قائم مقام ایس ایس پی ملیر پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ مقتول ڈی ایس پی معمول کے مطابق اپنے دفتر جارہے تھے کہ جدید ہتھیاروں سے لیس نامعلوم ملزمان نے ان کی کار پر فائرنگ کردی جس سے کسی کو بھی سنبھلنے کا موقع نہیں ملا اور کار میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔


مقتول ڈی ایس پی عبد الفتح گزشتہ 2 سال سے بن قاسم تھانے میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے اور گزشتہ روز برطرف ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی پریس کانفرنس میں بھی موجود تھے۔

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی کی ٹارگٹ کلنگ دہشت گردوں کی کارروائی ہے جس کی گہرائی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ راؤ انوار سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروپوں کو ختم کرنے میں راؤ انور کا بہت بڑا کردار ہے اور انہوں نے سہراب گوٹھ اور ملیر میں دہشت گردی ختم کرنے کے لئے کامیاب کارروائیاں کیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x2oosr7_karachi-police_news
Load Next Story