کراچی فائرنگ کے واقعات میں سیاسی کارکنوں سمیت مزید 13افراد ہلاک 11زخمی

متحدہ کاکارکن بھیم پورہ، قلندریہ چوک پرپولیس اہلکارماراگیا

جوہرموڑپرفائرنگ،ایک ہلاک،گلشن حدید،عظیم پورہ،سہراب گوٹھ،ہل پارک میں4ہلاکتیں،ہاکس بے سے ایک،شیرشاہ سے3لاشیں ملیں۔ فوٹو: فائل

کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ،پیپلزپارٹی اوراے این پی کے کارکنوں سمیت مزید13افرادہلاک اور11زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نپیئرتھانے کی حدودبھیم پورہ سفیناہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے منیر عرف دو دو ،محمدسہیل ، کرم علی ،عامر،محمد سہیل ، زبیراور عاطف زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں منیر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا، مقتول نپیر روڈ کارہائشی اور متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن تھاجبکہ اس کا آبائی تعلق لاہور سے تھا،فائرنگ گینگ وار کے ملزمان نے کی ہے جس مقام پر فائرنگ کی گئی ہے وہاں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن بیٹھتے ہیں،واقعے کے بعدعلاقے کی دکانیں اور دیگرکاروباربندہو گیااورسخت کشیدگی پھیل گئی۔

نارتھ ناظم آبادمیں ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، مقتول محمد سلیم لاسی پیپلزپارٹی کا علاقائی صدر تھا،وقوعہ کے وقت وہ نارتھ ناظم آباد این بلاک میں نیشنل اولڈ بینک کی عمارت میں دوستوں کے ہمراہ بیٹھاچائے پی رہا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے فائرنگ کردی ،مقتول عمر گوٹھ نارتھ ناظم آباد کا رہائشی تھااورمکانات کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا۔ابوالحسن اصفہانی روڈپرنامعلوم افرادکی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اورایک زخمی ہوگیا،سچل پولیس کے مطابق شاہ کلام محسوداقراسٹی کے قریب سے گزررہاتھاکہ نامعلوم ملزمان نے اس پرفائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہوگیاتاہم ملزمان کی فائرنگ کی زدمیں آکرموٹر سائیکل سوارمحمد رفیق سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔


پولیس کے مطابق مضروب شاہ کلام عوامی نیشنل پارٹی کا ڈسٹرکٹ ایسٹ کا صدر ہے۔الفلاح کے علاقے عظیم پورہ میں ملزمان کی فائرنگ سے دکاندار ہلاک ہوگیا،مقتول غلام اکبرعظیم پورہ میں اپنی دکان پر بیٹھا تھا کہ 3 نامعلوم ملزمان اس کی دکان پر پہنچے جس میں سے ایک نے اس کی نشاندہی کی جبکہ باقی دو ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔شارع نورجہاں کے علاقے میں قلندریہ چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سپاہی ہلاک ہوگیا،مقتول مرشد عالم خواجہ اجمیر نگری ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھا اور وہاں سے ڈیوٹی ختم کرکے اپنی رہائش گاہ واقع اورنگی ٹائون رئیس امروہوی کالونی جارہا تھا،مقتول کے بھائی کو بھی کچھ عرصہ قبل قتل کیاجاچکاہے۔

سہراب گوٹھ تھانے کی ایوب گوٹھ پولیس چوکی کی قریب لاسی گوٹھ جھنڈا چوک پر16سالہ عجب گل کو بھٹو نامی شخص نے جھگڑے کے دوران ڈنڈے کے وار کر کے ہلاک کر دیا اورفرار ہو گیا۔فیروزآباد کے علاقے ہل پارک میں35سالہ نعیم اﷲ کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا،مقتول پی آئی اے کا ملازم تھا،مقتول اپنے دوستوں واصف اورسجاد کے ہمراہ ہل پارک میں بیٹھاکہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔پولیس نے ایک ملزم واصف کو گرفتار کر لیا جبکہ سجاد فرار ہو گیا،واصف کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم اور ایک ٹی ٹی پستول برآمد کر لی۔شیرشاہ کے علاقے میں میراں ناکہ پل سے نوجوان کی لاش ملی،مقتول کی شناخت علی مصطفی کے نام سے ہوئی ہے جوکہ کھارادر کاغذی بازار کا رہائشی اوردو روز سے لاپتہ تھا،نامعلوم ملزمان نے اسے بہیمانہ تشدد کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔

شیرشاہ ہی میں پنکھاہوٹل کے قریب سے بھی نوجوان کی لاش ملی،مقتول کی شناخت عبدالصمد کے نام سے ہوئی جس کی عمر تقریباً25 برس تھی،مقتول کی گردن اور جسم پر تیز دھار آلے کے وار کیے گئے تھے جبکہ اسے سر میں گولی مار کرہلاک کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ علی مصطفی اورصمد دونوں دوست ہیں اور کھارادر کے رہائشی ہیں ،مقتولین دو روز سے لاپتہ تھے۔شیرشاہ کے علاقے میراناکہ پل شاہین ہوٹل کے قریب30سالہ واصف کی لاش ملی،مقتول پاک کالونی کا رہائشی اورموٹرسائیکل مکینک تھا۔مقتول نے2 شادیاں کیں تھیں اسے نامعلوم ملزمان نے پیر کی شب اغوا کیا تھا۔ہاکس بے میں کینپ پوائنٹ کے قریب سے نوجوان کی لاش ملی،مقتول کی شناخت اس کی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ کے ذریعے ہوئی ، مقتول کانام ولیدہے جوتربت کا رہائشی تھا،نامعلوم ملزمان نے اسے سر پر گولی مار کر ہلاک کیا۔

اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدیدفیزون باٹا موڑکے قریب موبائل فون کی دکان پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دکان کامالک 39 سالہ ساجدحسین ہلاک جبکہ 30 سالہ اسدحسین زخمی ہوگیا،مقتول ساجدحسین گلشن حدید فیز ون کا رہائشی تھا۔جوہرموڑپرچائے کے ہوٹل پرفائرنگ سے امان اﷲ ہلاک ہوگیا،مقتول کاآبائی تعلق کوئٹہ سے تھا۔قصبہ کالونی میں فائرنگ سے عمران شاہ زخمی ہوگیا،عثمان آبادمیں لیتھ مشین کی دکان پر فائرنگ سے عاشق علی زخمی ہوگیا۔ملیرہاشم رضا روڈعباسی مارکیٹ کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے40 سالہ نذیر احمدزخمی ہوگیاجسے تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایاگیا ۔ فیروز آباد کے علاقے طارق روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ محبت خان ولد تلاوت خان زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لے جایا گیا ، محبت خان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

Recommended Stories

Load Next Story