موقع پرست بھارت نے مطلب نکلتے ہی آنکھیں پھیر لیں

اے ایف سی نائب صدارت کیلیے پاکستان سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، پرافل پیٹل

اے ایف سی نائب صدارت کیلیے پاکستان سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی، پرافل پیٹل ۔ فوٹو : فائل

موقع پرست بھارت نے مطلب نکلتے ہی ایک بار پھر آنکھیں پھیر لیں، فٹبال فیڈریشن کے صدر پرافل پٹیل نے اے ایف سی کی نائب صدارت کیلیے پاکستانی ہم منصب سے ڈیل کے تاثر کو سختی سے زائل کرتے ہوئے دستبردار ہونے کے فیصلے کو باہمی رضامندی قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق بحرین کے شہر مناما میں30 جون کو ہونے والے الیکشن میں سائوتھ زون سے 2 امیدوار پاکستان کے سید فیصل صالح حیات اور بھارتی پرافل پٹیل مدمقابل تھے، مگر پاکستانی آفیشل نے آخری گھنٹے میں دستبرداری کا فیصلہ کرلیا۔

اس وجہ سے بھارتی فیڈریشن کے صدر پرافل پٹیل بلامقابلہ ایشین فٹبال کے نائب صدر منتخب ہوگئے۔گذشتہ دنوں پی ایف ایف کے مارکیٹنگ کنسلٹنٹ اور پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر نے دعویٰ کیا تھا کہ سید فیصل صالح حیات نے بھارتی آفشل کے حق میں دستبردار ہونے کا فیصلہ ایک طویل ملاقات میں کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر طے پانے والے معاملات پر کیا۔


ان کے مطابق بھارتی فٹبال صدر نے اے ایف سی کی نائب صدارت کے بدلے تین پاکستانی کھلاڑیوں کی آئندہ انڈین سپرلیگ سیزن میں شرکت اور باہمی سیریز کی بحالی پر حامی بھری،اس ملاقات میں بنگلہ دیش اور مالدیپ کے فٹبال سربراہان بھی موجود تھے۔

ان سے بھی آپس میں زیادہ سے زیادہ مقابلوں کی بات ہوئی۔ اس حوالے سے ردعمل لینے کے لیے ایک بھارتی اخبار نے پرافل پٹیل سے رابطہ کیا تو انھوں نے کسی بھی ڈیل کی سخت سے تردید کردی۔ انھوں نے کہا کہ فیصل صالح حیات کا دستبرداری کا فیصلہ باہمی رضا مندی سے ہوا جو خطے میں فٹبال کے فروغ کے لیے انتہائی اہم اور شاندار اقدام ہے، اب بھارت پر جنوبی ایشیا میں کھیل کو آگے لے جانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انھوں نے کہاکہ اس حوالے سے پاکستانی آفیشل سے کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہوئی، پڑوسی ملک کے کھلاڑیوں کی انڈین سپر لیگ کے گذشتہ سیزن میں شمولیت کے حوالے سے بھی غور فکر ہوئی تھی لیکن کسی بھی ٹیم میں انھیں شامل نہیں کیا گیا، آئندہ ایڈیشن میں بھی ایسا ہی ہوگا، البتہ اگر کسی کھلاڑی کو کوئی ٹیم اپنے اسکواڈ کا حصہ بنا لیتی ہے تو اسے اے ایف سی کی نائب صدارت کے بدلے کسی ڈیل کا نتیجہ نہ سمجھا جائے۔
Load Next Story