اسٹینڈرڈ اینڈ پورز نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم سے مثبت قراردے دیا

آئندہ 2 سال میں پاکستان اپنا بلند ترین شرح نمو ریٹ حاصل کر لے گا، ایس اینڈ پی

ادارے کے مطابق پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار ( جی ڈی پی) گزشتہ مالی سال میں 4.1 فیصد رہی، فوٹو فائل

لاہور:
دنیا بھر کے ممالک کی معاشی صورتحال جانچنے کے عالمی ادارے ''اسٹینڈرڈ اینڈ پورز'' نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم سے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 2 سال میں پاکستان اپنا بلند ترین شرح نمو ریٹ حاصل کر لے گا۔

اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے معاشی اور مالی استحکام کے لیے غیر معمولی معاشی اصلاحات کی ہیں جس کی بدولت اس کی لونگ ٹرم ریٹنگ مستحکم سے مثبت ہوئی ہے، ادارے نے پاکستان کی شرح نمو کا ازسر نوجائزہ لینے کے بعد کہا ہے کہ پاکستان کی شرح نمو 2017 تک 3.8 فیصد سے بڑھ کر 4.6 تک پہنچ جائے گی جس کی بڑی وجہ ملک میں مضبوط کیپٹل ان فلو، ترسیل زر اور تیل کی قیمتوں میں کمی ہے جس سے کاروباری حضرات میں اعتماد پیدا ہوا اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔


ادارے کے مطابق پاکستان کی مجموعی ملکی پیداوار ( جی ڈی پی) گزشتہ مالی سال میں 4.1 فیصد رہی جب کہ بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر12.36 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جو گزشتہ سال 3.2 ارب ڈالر تھے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کی معاشی اصلاحات پر بھرپور اطمنیان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے توانائی اور ٹیکس کے شعبے میں قابل تعریف اصلاحات کیں جب کہ گزشتہ دنوں برطانوی جریدے کی جانب سے بھی پاکستان کی معاشی صورتحال کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا۔
Load Next Story