کلیم اللہ امریکی فٹبال لیگ کھیلنے کے لیے پُرامید

تربیتی سیشن کے بعد سیکرامینٹوری کلب حکام کو متاثر کرلوں گا، قومی اسٹرائیکر

کلیم کا تعلق صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن سے ہے،پاکستانی انٹرنیشنل فٹبالر محمد عیسیٰ ان کے چچازاد بھائی ہیں۔ فوٹو: فائل

نوجوان پاکستانی فٹبالرکلیم اللہ امریکی لیگ کھیلنے کے لیے پُرامید ہیں، وہ کرغزستان کے کلب ڈورڈئی کو چھوڑ کر سان فرانسسکو پہنچ چکے جہاں سیکرامینٹو ری پبلک کلب کے ساتھ ایک ماہ کا تربیتی سیشن کریں گے ۔

اس کے بعد کلب حکام ان کی کارکردگی سے مطمئن ہوئے تو معاہدہ کرلیا جائے گا،اگر ایسا ہو گیا توکلیم اللہ امریکی لیگ میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی فٹبالر بن جائیں گے۔


یادرہے کہ بلوچستان کے23سالہ اسٹرائیکر کا گذشتہ برس کرغزستان کے فٹبال کلب ڈورڈئی سے تقریباً ایک کروڑ روپے کا معاہدہ ہوا تھا،اس سے قبل کسی پاکستانی فٹبالر کے ساتھ پروفیشنل کلب نے اتنی بڑی مالیت کا کنٹریکٹ نہیں کیا تھا۔ کلیم اللہ نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ اگر امریکی فٹبال کلب سے میرا معاہدہ نہ ہو سکا تو ترکی کی فٹبال لیگ میں حصہ لوں گا۔ انھوں نے کہا کہ کرغزستان میں عمدہ کھیل کی وجہ سے دنیا کے متعدد کلبز نے معاہدے کے سلسلے میں مجھ سے رابطہ کیا ہے، 'میرے پاس اچھی آفرز ہیں اور اپنا بہتر مستقبل دیکھ رہا ہوں۔

کلیم اللہ نے کہا کہ کرغزستان کے ڈورڈئی کلب کو چھوڑنا آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن میں خوب سے خوب تر کی تلاش پر یقین رکھتا ہوں، میرے پاس اچھی آفرزہیں اور میں اپنا بہتر مستقبل دیکھ رہا ہوں' انھوں نے کرغزستان میں اپنے پہلے ہی سال میں وہ حاصل کر لیا جس کا سوچا تھا، وہ لیگ میں سب سے زیادہ 23 گول کرنے والے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

اب وہ چاہتے ہیں کہ کسی اور پروفیشنل لیگ میں اپنی صلاحیتوں کو آزمائیں۔ امریکی کلب نے انھیں دعوت دی اور اسے امید ہے کہ وہ اس کلب کو اپنی صلاحیتوں سے متاثر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ کلیم اللہ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کو دنیا بھر میں کرکٹ اور ہاکی کی طرح فٹبال سے بھی پہچانا جائے۔ کلیم کا تعلق صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن سے ہے،پاکستانی انٹرنیشنل فٹبالر محمد عیسیٰ ان کے چچازاد بھائی ہیں۔ کلیم اللہ نے کہاکہ کیریئر کی ابتدا میں محمد عیسیٰ نے میری بہت حوصلہ افزائی کی تھی۔
Load Next Story