کسی کو کراچی کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی صدر ممنون حسین

آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا، صدر مملکت

پروفیسر شکیل اوج اور ڈاکٹر وحید الرحمان کے قاتلوں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا، صدر ممنون حسین، فوٹو: آن لائن

صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہےکہ کراچی کی روشنیوں کو بحال کیا جائے گا اور کسی کو شہر کا امن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کراچی میں جناح یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ کراچی کو اس کا اصل تشخص روشنیوں کا شہر بحال کیا جائے گا شہر کا امن و امان کسی کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب کہ پروفیسر شکیل اوج اور ڈاکٹر وحید الرحمان کے قاتلوں کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔


صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کے موثر اقدامات کے نتیجے میں بلوچستان اور کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں قدرے بہتر آئی ہے، حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب بھی جاری رہے گا۔ صدر ممنون کا کہنا تھا کہ چین ہمیں قرض دینے کی بجائے ہمارے ملک میں سرمایہ کاری کررہا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے روٹ سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جس کے نتیجے میں 2018 تک نیشنل گرڈ میں 10 ہزار سے زائد میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی۔ انہوں نے طلبا پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سخت محنت کریں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
Load Next Story