وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج کابل کا اہم دورہ کریں گے

وزیر اعظم اور آرمی چیف کابل میں افغان صدراشرف غنی اور چیف ایگزیکٹوعبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات کریں گے

وزیراعظم نواز شریف کا دوسرا اور قومی اتحادی حکومت کے قیام کے بعد پہلا دورہ افغانستان ہے فوٹو: فائل

KARACHI:
وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج کابل کا اہم دورہ کریں گے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور دیگر سینیئر حکومتی افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں افغانستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعظم نوازشریف افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر آج افغانستان کا دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور دیگر سینئیرحکام بھی ہوں گے۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف، افغان صدراشرف غنی اور چیف ایگزیکٹوعبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات کریں گے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا دوسرا اور قومی اتحادی حکومت کے قیام کے بعد پہلا دورہ افغانستان ہے۔
Load Next Story