عامر خان کی فلم ’’ پی کے‘‘ چین میں بھی ریلیز کی جائے گی

فلم ’’پی کے‘‘ چینی سینماؤں کی زینت بننے والی پہلی بھارتی فلم ثابت ہوگی

فلم ’ پی کے‘ چینی زبان میں ترجمہ کرکے نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فائل:فوٹو

باکس آفس پر دھوم مچانے والی فلم ''پی کے'' کوچینی زبان میں ڈب کرکے چین میں ریلیز کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

فلم کی چین میں ریلیز سے متعلق آئندہ 2 سے 3 روز میں ایک معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے اور اس طرح '' پی کے'' واحد بھارتی فلم ہوگی جسے چینی ترجمے کے ساتھ چین میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا ،عامر خان اپنی اداکاری کی وجہ سے چین میں بہت مقبول ہیں اور ان کی فلم 'تھری ایڈیٹس' چینی عوام میں بے حد مقبول ہوئی تھی۔


چینی فلمی صنعت ایک بہت بڑی انڈسٹری تصور کی جاتی ہے جہاں بڑے سینماؤں کی تعداد ایک ہزار سے زائد جب کہ اور چھوٹی بڑی اسکرین کی تعداد 23 ہزار 600 سے زائد ہے جس سے سالانہ 4 ارب 48 کروڑ ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے، اسی لیے بھارت چین میں اپنی فلموں کی نمائش کے لیے سر توڑ کوششیں کررہا ہے۔

حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان فلموں کے تبادلے اور مشترکہ فلم سازی کے وسیع امکانات موجود ہیں اور گزشتہ سال چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ بھارت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فلم سازی اور اس میں سرمایہ کاری کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، اس کے بعد بھارت اور چین نے پہلی مشترکہ فلم پر کام شروع کردیا ہے جس کا نام ' کنگ فو یوگا' ہے اور جیکی چن اس میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
Load Next Story