سندھ حکومت کا سانحہ صفورا گوٹھ پر آج سوگ کا اعلان

امن کا قیام ہماری ذمہ داری ہے سانحہ صفورا پر خاموش نہیں رہیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ نے علاقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو معطل کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے سانحہ صفورا گوٹھ پر آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے،جبکہ صوبے میں تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر کھلے رہیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ میں بس پر فائرنگ کے نتیجے میں 44 افراد کے جاں بحق ہونے پر آج یوم سوگ کا اعلان کیا ہے تاہم صوبے بھر میں تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر کھلے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سندھ حکومت بالعموم پورے صوبے اور بالخصوص کراچی میں امن کے قیام کے لئے کوششیں کررہی ہے اور شہر قائد میں امن قائم کرکے رہیں گے،دہشت گردوں کو نہیں چھوڑیں گے اور لوگوں کو کبھی مایوس نہیں کریں۔


وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ صفورا چورنگی پر بس حملہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا جس میں تحریک طالبان پاکستان کے ملوث ہونے کا امکان ہے تاہم تاہم ابتدائی طور پر یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ یہ کس کی نااہلی ہے، سانحے پر خاموش نہیں رہیں گے اور اس کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ پر ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو معطل کردیا گیا ہے جب کہ آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے، متعلقہ حکام 3 دن میں عبوری رپورٹ دیں گے اور ایک ہفتے کے اندر سانحے کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے گی۔

https://www.dailymotion.com/video/x2q1q95_cm-sindh_news
Load Next Story