رینجرز کی تعیناتی کراچی کے مسئلے کا حل نہیں عمران خان

کراچی میں جب تک پولیس غیر سیاسی نہیں ہوگی دہشت گردی کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، چیئرمین تحریک انصاف

سندھ میں پیسے لے کر پولیس میں بھرتی کیا جاتا ہے، عمران خان فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ کراچی کے مسئلے کا حل رینجرز کی تعیناتی نہیں اس کے لئے پولیس کو غیر سیاسی کرنا ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سانحہ صفورا پر ملک میں غم کی لہر ہے، آج بھی آرمی پبلک سکول پشاور سانحہ کے بعد کی طرح کا ماحول اور پوری قوم افسردہ ہے، اے پی سی میں فیصلہ ہوا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ہوں گی، جس کے لئے ہم نے ملٹری کورٹس کی کڑوی گولیاں کھائیں لیکن پھر بھی مسئلہ حل نہیں ہورہا۔ کراچی میں رینجرز زیادہ دیر تک اس مسئلہ کو نہیں سنبھال سکتی، جب تک پولیس غیر سیاسی نہیں ہوگی دہشت گردی کا مسئلہ حل نہیں ہوگا. انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں این ٹی ایس کے بعد پولیس بھرتی کی جاتی ہے جبکہ سندھ میں پیسے لے کر پولیس کو بھرتی کیا جاتا ہے۔


عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن میں حقائق پر اوپن ٹرائل ہورہا ہے، مسلم لیگ (ن) پہلے کہتی رہی کہ تحریک انصاف کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہیں لیکن جوڈیشل کمیشن میں ہماری تیاری دیکھ کر ان غبارے سے ہوا نکل گئی۔ انہوں نے کہا کہ محبوب انور کو جھوٹا کہنے پر انہیں کوئی شرمندگی نہیں اور نہ ہی وہ اس کی معافی مانگیں گے۔

https://www.dailymotion.com/video/x2q6u94_imran-khan_news
Load Next Story