سانحہ صفورا گوٹھ پر وزیرداخلہ نے بیان تک دینا گوارہ نہیں کیا ترجمان تحریک انصاف

چوہدری نثارعلی کو اپنے حلقے میں جانے کے بجائے کراچی جا کر وہاں کے حالات کا جائزہ لینا چاہئے تھا،شیریں مزاری

جوڈیشل کمیشن انتخابی دھاندلی کے حوالے سے جو فیصلہ کرے گا اسے قبول کریں گے،ترجمان تحریک انصاف فوٹو: فائل

تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی کو اپنے حلقے میں جانے کے بجائے کراچی جا کر وہاں کے حالات کا جائزہ لینا چاہئے تھا۔


شیریں مزاری نے کہا کہ سانحہ صفورا گوٹھ پر وزیرداخلہ نے ایک بیان تک دینا گوارہ نہیں کیا انہیں اپنے حلقے میں جانے کے بجائے کراچی جا کر وہاں کے حالات کا جائزہ لینا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی آچکی ہے جہاں پولیس کو غیرسیاسی کردیا گیا ہے اور اب محکمہ پولیس کو سیاسی بھرتیوں سے پاک کرتے ہوئے ایماندار افسران کو عزت دی جاتی ہے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ دیگر صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا میں جرائم کی شرح میں تیزی سے کمی آئی ہے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے تاکہ جمہوریت مستحکم ہو اور جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچیں تاہم جوڈیشل کمیشن انتخابی دھاندلی کے حوالے سے جو فیصلہ کرے گا اسے قبول کریں گے جب کہ موجودہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
Load Next Story