انتخابی دھاندلی کے لئے اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی ثابت ہوگئی عمران خان

وی آئی پی حلقوں جیسے حمزہ شہبازشریف اورکیپٹن(ر)صفدر جیسےلوگوں کےحلقے میں اضافی بیلٹ پیپرزبھیجےگئے، چیرمین تحریک انصاف

انتخابی دھاندلی کے لئے بعض حلقوں میں ایک لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز پہنچائے گئے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی اب تک کی سماعت کے بعد یہ بات سامنے آچکی ہے کہ دھاندلی کے لئے اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے جب کہ وی آئی پی حلقوں میں زیادہ بیلٹ پیپرز بھیجے گئے۔


جوڈیشل کمیشن کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وکیل عبدالحفیظ پیرزادہ کی حکمت عملی ٹھیک جارہی ہے اور اسی حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کو سمجھ نہیں آرہا کہ کمیشن میں کیا ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن میں تحریک انصاف حکمت عملی کے تحت کچھ گواہوں کو بلائے گی اور کچھ کونہیں جب کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ وی آئی پی حلقوں جیسے حمزہ شہبازشریف اورکیپٹن(ر)صفدر جیسے لوگوں کے حلقے میں اضافی بیلٹ پیپرز بھیجے گئے۔

چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی کے لئے بعض حلقوں میں ایک لاکھ سے زائد بیلٹ پیپرز پہنچائے گئے تاہم آئندہ سماعت کے دوران ایک کے بعد دوسری قسط سامنے آئے گی اور جو بھی نتیجہ آئے گا اس سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔
Load Next Story