ملالہ کی صحت کیلئے آئندہ 36 سے 48 گھنٹے اہم ہیں آئی ایس پی آر

فی الحال ملالہ یوسف زئی کو ملک سے باہر منتقل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، سلیم باجوہ

ملالہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہیں ہم قوم کو ملالہ کی صحت سے باخبر رکھیں گے، آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی کی صحت کے لئے آئندہ 36 سے 48 گھنٹے اہم ہیں۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کو پشاور سے راولپنڈی کے آرمڈ فورسزانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کرنے کا فیصلہ ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق کیا گیا تھا۔ ملالہ کی حالت اطمینان بخش ہے لیکن آئندہ 36 سے 48 گھنٹے اہم ہیں، انہوں نے کہا کہ ملالہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہیں ہم قوم کو ملالہ کی صحت سے باخبر رکھیں گے.


میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ فی الحال ملالہ یوسف زئی کو ملک سے باہر منتقل کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، ملالہ کے میڈیکل بورڈ میں ملٹری ، سول سرجن اور 2 غیر ملکی ڈاکٹرز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی اور ان کے ترجمان نے مزید کہا تھا کہ اگر ملالہ بچ بھی گئی تو اس کو دوبارہ حملے کا نشانہ بنائیں گے ۔

Recommended Stories

Load Next Story