مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے پر قابض بھارتی فوج کا کشمیریوں پر تشدد

ریلی کے شرکا نہ صرف ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھام رکھے تھے بلکہ اس دوران وہ پاکستان کے حق میں نعرے بھی لگاتے رہے

سری نگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں بھی پاکستانی پرچم لہرائے گئے،بھارتی میڈیا فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف نکالی جانے والی ریلی کے دوران کشمیریوں نے ایک بار پھر پاکستانی پرچم لہرادیئے جس پر قابض بھارتی فوج نے شرکا پر آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سری نگر کی جامع مسجد سے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں کشمیریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی اس دوران ریلی کے شرکا نے نہ صرف ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھامے ہوئے تھے بلکہ وہ پاکستان کے حق میں نعرے بھی لگارہے تھے جب کہ شرکا نے کشمیر کی آزادی اوربھارتی تسلط کے خلاف بھی نعرے لگائے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ سری نگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں بھی پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔


ریلی کے شرکا کو منتشر کرنے کے لئے قابض بھارتی فوج نے آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ لاٹھی چارج بھی کیا، ریلی کا اعلان میر واعظ عمر فاروق اور دیگر رہنماؤں کی نظربندی اور حریت جماعت سے تعلق رکھنے والے دو اہم رہنماؤں کے جاں بحق ہونے کی برسی پر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں سید علی گیلانی اورمسرت عالم کی جانب سے بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی گئی تھی جس میں بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور اس دوران کشمیریوں نے سری نگر میں پاکستانی پرچم بھی لہرادیا جب کہ بھارتی پولیس نے پرچم لہرانے پر کشمیری رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔
Load Next Story