امریکی پولیس نے تشدد اور فائرنگ سے 5 ماہ میں 385 افراد ہلاک کردیئے

امریکا میں ہر روز 2 یا زائد افراد پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوجاتے ہیں، واشنگٹن پوسٹ

پولیس کی زیادتی کا نشانہ بننے والوں کی عمریں 16 سے 83 سال کے درمیان ہیں ۔ فوٹو:فائل

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی پولیس نے رواں سال کے 5ماہ میں 385 افراد کو فائرنگ یاتشدد کرکے ہلاک کیا۔


اخبار کے مطابق پولیس کے تشددسے مرنے والوں میں آدھی اقلیت سے تعلق رکھنے والوں کی ہے،دو تہائی سیاہ فام امریکی شہری بھی ان افراد میں شامل ہیں۔ پولیس کی زیادتی کا نشانہ بننے والوں کی عمریں 16 سے 83 سال کے درمیان ہیں جن میں 93 افراد ذہنی بیمار بھی تھے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ہرروز2 یا زائد افراد پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوجاتے ہیں۔ اخبار نے اس خدشے کا بھی اظہار کیاکہ اصل اعداد و شمار اس سے کہیں زیادہ بھی ہوسکتے ہیں۔اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تعداد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے،بہت سے واقعات شہریوں اور پولیس کے درمیان معمولی تکرار سے شروع ہو کر بڑے سانحوں کی شکل میں ظاہرہوتے رہے۔رپورٹ میں بتایا گیاکہ موجودہ سال پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں کی اکثریت مسلح تھی جبکہ 16فیصد افراد ایسے تھے جوبالکل نہتے تھے۔ واشنگٹن پوسٹ کی اس رپورٹ کے بعدپولیس کی جانب سے طاقت کے حدسے زیادہ استعمال سے متعلق بحث پھر سے شروع ہو سکتی ہے۔
Load Next Story