طالبان نے مختلف میڈیا دفاتر پر حملے کا منصوبہ تیار کر لیا
کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود نے پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے دفاتر پر حملے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ حکیم اللہ محسود اور طالبان کے رکن ندیم عباس عرف انتقامی کی ٹیلی فون پر بات چیت ریکارڈ کی گئی جس میں حکیم اللہ محسود نے ندیم عباس کو اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور اور کراچی میں مختلف میڈیا کے دفاتر پر حملے کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
حکیم اللہ محسود نے یہ حکم مختلف میڈیا آرگنائزیشنز کی جانب سے ملالہ یوسف زئی پر طالبان کے قاتلانہ حملے کی مذمت کرنے کے بعد جاری کیا ہے۔ طالبان میڈیا آرگنائزیشنز کواس سلسلے میں پہلے ہی ای میلز اور فون کالز کے ذریعے دھمکیاں دے چکے ہیں۔
حکومت نے طالبان کے ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر تمام میڈیا آرگنائزیشنز کو اپنے دفاتر کی سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔