کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ گردو غبار کا طوفان

شہر میں ہواؤں کی رفتار 7 سے 10 کے بجائے 32 سے 40 ناٹ تک پہنچ گئی، محکمہ موسمیات

تیز ہواؤں کے باعث شہر کے مضافاتی علاقوں میں کئی مکانات کی چھتیں بھی گر گئیں، فوٹو:فائل

شہر میں تیز آندھی اور گرد آلود ہواؤں کے باعث حد نگاہ آدھا کلو میٹر رہ گئی جب کہ طوفان کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا اورایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا۔

کراچی میں گزشتہ روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور آج اس وقت ٹوٹ گیا جب شہر میں اچانک تیزہوائیں چلنا شروع ہوگئیں اورگرد وغبار کے طوفان نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے حد نگاہ آدھا کلو میٹر رہ گئی، گرد آلود ہواؤں کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا جس کے باعث کراچی ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا جب کہ کراچی آنے والی بعض پروازوں کا رخ بھی دوسری جانب موڑ دیا گیا۔ ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ موسم کی صورتحال کے باعث ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے بند کیا گیا کیونکہ ایئرپورٹ پر حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے طیارے نہ اڑسکتے ہیں اور نہ ہی لینڈ کرسکتے ہیں۔


محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہواؤں کی رفتار 7 سے 10 کے بجائے 32 سے 40 ناٹ تک پہنچ گئی جب کہ تیز ہواؤں کے باعث شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور مضافاتی علاقوں میں کئی مکانات کی چھتیں بھی گرگئیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بھارت کی ریاست راجھستان سے پاکستان میں تیز ہواؤں کا سسٹم داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی جس کےباعث شہر میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا جس کےبعد شمال مغرب کی جانب سے چلنے والی تیز ہواؤں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

https://www.dailymotion.com/video/x2sk8lg_karachi-weather_news
Load Next Story