حکومت کو گلگت کے عوام کی مراعات واپس لینے نہیں دیں گے آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہے اوران کے مسائل کے حل کیلیے ہمیشہ کوشاں رہے گی، سابق صدر

پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہے اوران کے مسائل کے حل کیلیے ہمیشہ کوشاں رہے گی، سابق صدر۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف علی زرداری نے اعلان کیاہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی موجودہ وفاقی حکومت کو اس امر کی اجازت نہیں دے گی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کوملنے والی مراعات واپس لے۔


سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر کے مطابق آصف زرداری نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلیے نواز شریف نے چند روز قبل گلگت سکردو روڈشروع کرنے کا اعلان کیامگرسالانہ ترقیاتی پروگرام اور بجٹ کی دستاویزات سے یہ بات بھی ثابت ہوگئی ہے کہ ان منصوبوں کیلیے اس بجٹ میں رقم نہیں رکھی گئی۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ گلگت بلتستان کے عوام کے خلاف تمام ظالمانہ فیصلے فوری واپس لیے جائیں، حکومت کواس بات کی ہرگزاجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے مصائب میں اضافہ کرے،ان غریب عوام کے مصائب کوختم اورمسائل کو حل نہ کیا گیا تو ان میں احساس کمتری پیدا ہونے کاخدشہ ہے۔

سابق صدر نے ان اطلاعات پربھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن کے مطابق گلگت بلتستان کے عوام سے گندم پرسبسڈی ختم کی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ہے اوران کے مسائل کے حل کیلیے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔
Load Next Story