پولیس کے نظام کو بہتر کرنے کا فیصلہ حاضری کمپیوٹرائزڈ کی جائیگی

بغیرڈیوٹی تنخواہ حاصل کرنیوالے اہلکاروںکیخلاف کارروائی ہوگی،مختلف مقامات پرتعینات اضافی نفری کو واپس بلایاجائیگا،ذرائع

تمام ہیڈ کوارٹرز اور دیگر مقامات پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کی تعداد، نام اور تعیناتی کے مقام کے حوالے سے رپورٹ طلب۔ فوٹو: فائل

کراچی پولیس میں روزانہ کی بنیاد پر پولیس افسران واہلکاروںکی حاضری کو کمپیوٹر ائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جسکے بعد ڈیوٹی سرانجام دیے بغیر تنخواہ حاصل کرنیوالے افسران و اہلکاروںکیخلاف کارروائی کی جاسکے گی،فیصلے کے تحت مختلف مقامات پر تعینات اضافی اورغیرضروری نفری کو بھی واپس بلا لیا گیا،تفصیلات کے مطابق نئے بلدیاتی ایکٹ2012 کی منظوری کے بعد کراچی پولیس میں20 ایس پی تعینات کردیے ہیںجسکے بعد کراچی پولیس کو ازسر نو مرتب کیا جارہا ہے تاکہ آپریشن اور انویسٹی گیشن برانچوں میں پولیس افسران و اہلکار مقررکیے جاسکیں،ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ڈی آئی جی ایڈمن کراچی کی سر براہی میں سینٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس بھی ہوا ہے۔


جس میںکراچی پولیس کے تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی،ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میںکراچی پولیس کے اہلکاروں کی روزانہ کی بنیاد پر حاضری کے نظام کوکمپوٹرائزڈ کیا جارہا ہے،ذرائع کے مطابق اس فیصلے پرعملدرآمد کے بعد بغیر ڈیوٹی سر انجام دیے تنخواہ حاصل کرنیوالے افسران و اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی اورمحکمہ پولیس میں ( ویزا سسٹم ) کا خاتمہ بھی ہو جائیگا، اس سلسلے میں ایک جامع منصوبہ بھی تیار کیا گیا ہے جسکے تحت مختلف مقامات پر تعینات اضافی اور غیرضروری پولیس نفری کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔

جبکہ واپس بلائے جانیوالی فورس کو ان تھانوں میں تعینات کیا جائیگا جہاں پولیس افسران واہلکاروںکی نفری کی کمی کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق اس وقت کراچی پولیس کی مجموعی تعداد 33 ہزار کے لگ بھگ ہے جو آپریشن،انویسٹی گیشن، ٹریفک پولیس اور سیکیورٹی پر مشتمل ہے،ذرائع کا کہناتھا کہ کراچی پولیس فورس میں کرپشن اورپولیس اہلکاروں کی غیر حاضری سمیت دیگر معاملات کے حوالے بہت سی شکایات موصول ہورہی تھیں جسکے بعد حاضری کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس کے تمام ہیڈ کوارٹرز، سیکیورٹی زون ون اورسیکیورٹی زون ٹوکو باقاعدہ طور پر ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ وہ تمام ہیڈ کوارٹرز اور دیگر مقامات پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کی تعداد ، ان کے نام اور تعیناتی کے مقام کے حوالے سے فوری آگاہ کریں ، ذرائع کے مطابق شہر میں مختلف مقامات پر تعینات اضافی اور ضروری پولیس نفری کو واپس بلانے کے فیصلے سے نہ صرف کراچی پولیس کی افرادی قوت میں مزید اضافہ ہوجائے بلکہ نفری میں کمی کی شکایات کیساتھ ساتھ شہر میں بگڑتی ہوئی امن وامان کی صورتحال پر بھی قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔
Load Next Story