تحریک انصاف کی جوڈیشل کمیشن سے مبینہ دھاندلی کی خود تحقیقات کرانے کی درخواست

صدارتی آرڈیننس کے مطابق کمیشن دھاندلی کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرے، تحریک انصاف کا مراسلہ

ہر حلقے کے ریٹرننگ آفیسر کو بلا کر تحقیقات کرائی جائیں، تحریک انصاف مراسلہ

تحریک انصاف نےعام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے لیے بننے والے جوڈیشل کمیشن میں جرح کے بعد کمیشن سے از خود مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کی درخواست کی ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کمیشن سے درخواست کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کی بحث ختم ہونے والی ہے مگر دھاندلی کی تحقیقات اب بھی باقی ہیں لہٰذا صدارتی آرڈیننس کے مطابق کمیشن دھاندلی کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرے۔

مراسلے میں کہا گیا کہ یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ کچھ حلقوں میں بہت زیادہ بیلٹ پیپرز بھیجے گئے اور مسترد ووٹوں کی تعداد بھی جیتنے والے ووٹوں سے زیادہ ہے جب کہ بہت سے حلقوں میں فارم 15 بھی غائب ہیں لہٰذا ہر حلقے کے ریٹرننگ آفیسرز کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں۔ مراسلے میں مزید کیا گیا کہ تحقیقات میں نادرا سے بھی پوچھا جائے کہ پری اسکین رپورٹ میں فارم 15 کے غائب ہونے کا ذکر کیوں نہیں کیا۔
Load Next Story