ایشیا کی 100 بہترین جامعات میں کوئی پاکستانی یونیورسٹی شامل نہیں

ٹوکیوپہلے،سنگاپور دوسرے،ہانگ کانگ یونیورسٹی تیسرے نمبرپر،سعودیہ،ایران،لبنان، بھارت سمیت چین کی سب سے زیادہ جامعات شامل

ملک میں 170جامعات میں سے 97سرکاری ادارے 65بلین روپے کے سالانہ بجٹ کے باوجودایشیا کی 100بہترین جامعات کاحصہ نہیں ,فوٹو: فائل

دنیا بھر میں جامعات کی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے نے براعظم ایشیاکی 100 بہترین یونیورسٹیز اورانسٹی ٹیوٹس کی درجہ بندی رپورٹ جاری کردی ہے، اس درجہ بندی میں پاکستان کی ایک بھی سرکاری یا نجی یونیورسٹی جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

جامعات کی درجہ بندی کے عالمی اورمعتبر ادارے ''ٹائمزہائر ایجوکیشن'' کی جانب سے یہ درجہ بندی عالمی سطح پرجامعات کی درجہ بندی کے لیے رائج ''گلوبل گولڈ اسٹینڈرڈ فاراکیڈمک'' کے تحت کی گئی ہے جس میں کارکردگی کے اشاریے کے طورپر تدریسی ماحول، تحقیق کامعیار، تحقیقی اثرات، صنعتی روابط اورآمدنی کے علاوہ دیگراشاریوں سے مددحاصل کی گئی ہے۔


جاری کی گئی درجہ بندی کے مطابق ایشیاکی 100 بہترین جامعات میں سرفہرست جاپان کی یونیورسٹی آف ٹوکیو، دوسرے نمبرپر سنگاپورکی نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور اورتیسرے نمبرپر یونیورسٹی آف ہانگ کانگ شامل ہے۔ ایشیاکی 100 بہترین جامعات میں جاپان کی19، بھارت کی9، سعودی عرب کی2، ایران کی3، اسرائیل کی4 جبکہ چین کی سب سے زیادہ21 جامعات شامل ہیں۔

مزید برآں ترکی کی 6 اورلبنان کی 2 جامعات بھی اس فہرست کاحصہ ہیں۔ ایشیا کی100 بہترین جامعات میں اپناحصہ لینے والے دیگرممالک میں کوریا، تائیوان اورتھائی لینڈبھی شامل ہیں۔ اسرائیل کی 4 جامعات بالترتیب 22 ویں، 25 ویں، 31 ویں اور 75 ویں نمبرپر ہیں۔ جبکہ سعودی عرب کی 2جامعات 71ویں اور 72ویں نمبرپر، ایران کی 3جامعات 43ویں، 61 ویں اور69 ویں نمبرپر ہیں تاہم 69ویں نمبرپر ایک بھارتی جامعہ بھی ہے جودرجہ بندی میں شامل 9بھارتی جامعات میں سے ایک ہے۔ واضح رہے کہ سعودی جامعات میں کنگ فہدیونیورسٹی پٹرولیم اینڈمنرل اورکنگ سعودیونیورسٹی شامل ہے جبکہ ایرانی جامعات میں شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، اصفہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اورایران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔بھارتی جامعات میں جواہرلعل نہرویونیورسٹی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اورپنجاب یونیورسٹی آف انڈیاسمیت دیگرشامل ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستانی جامعات کے لیے 63بلین روپے کابجٹ جاری کیاہے جس میں 19.5بلین روپے ان جامعات کوترقیاتی بجٹ کے طورپر دیاجا رہاہے۔ ملک میں 170جامعات اورانسٹی ٹیوٹس میںسے 97سرکاری اخراجات سے چلائی جارہی ہیں۔ ان میں 24وفاقی حکومت کے تحت، 24پنجاب حکومت، 19سندھ حکومت، 19خیبرپختونخوا، 6بلوچستان اور 5آزاد جموں وکشمیر کے زیرانتظام ہیں تاہم 63بلین روپے کابجٹ لینے کے باوجودان میںسے کوئی ایک یونیورسٹی بھی ایشیامیں عالمی معیارکی 100جامعات میں شامل نہیں ہوسکی۔
Load Next Story