پنجاب کی مختلف جیلوں میں مزید 7 مجرموں کو تختہ دارپرلٹکا دیا گیا

گوجرنوالہ، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور لاہور میں قتل کے مجرموں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا گیا

پنجاب کی مختلف جیلوں میں قتل کے مزید 7 مجرموں کو پھانسی دے دی گئی جب کہ 3 کی سزاؤں پر عمل درآمد روک دیاگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کی مختلف جیلوں میں آج صبح قتل کے مزید 7 مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا جب کہ 3 مجرموں کی سزاؤں پر عدالت کی جانب سے حکم امتناعی جاری ہونے باعث عملدرآمد روک دیا گیا۔ گوجرنوالہ کی سینٹرل جیل میں مجرم اشرف کو پھانسی دے دی گئی، مجرم نے 1999 میں تھانہ پنڈی بھٹیاں کے علاقے میں 12 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ سینٹرل جیل ڈیرہ غازی خان میں بھی قتل کے مجرم اصغر علی کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا، اصغر علی نے 2010 میں رشتے کے تنازعے پر اپنے بھتیجے کو قتل کیا تھا۔


سینٹرل جیل فیصل آباد میں قتل کے 2 مجرموں اللہ دتہ اور یونس کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، مجرم اللہ دتہ نے 1999 میں ایک خاتون جب کہ مجرم یونس نے 15 سال قبل 2 خواتین سمیت 3 افرد کو قتل کیا تھا۔ سیالکوٹ اور لاہور کی لکھپت جیل میں بھی قتل کے 2 مجرموں بشارت اور مختار کو پھانسی دے دی گئی، بشارت نے 1999 میں 3 افراد جب کہ مختار نے 2004 میں معمولی تنازع پر ایک شخص کو قتل کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں سزائے موت پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک 150 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔
Load Next Story