چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 سڈنی سکسرز نے چنئی کو خاک چٹادی

آئی پی ایل ٹیم 14رنز سے ناکام ،ہینریکس کے 49 رنز بنانے کے بعد 3 شکار، واٹسن بھی 46 رنز بناکر نمایاں

جوہانسبرگ: چنئی سپر کنگز کیخلاف چیمپئنز لیگ ٹی 20 میں سڈنی سکسرز کے شین واٹسن کا کٹ شاٹ، عقب میں حریف وکٹ کیپر دھونی بھی موجود۔ فوٹو: اے ایف پی

SIALKOT:
ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ میں سڈنی سکسرز نے چنئی سپرکنگز کو خاک چٹادی۔

موسس ہینریکس آئی پی ایل ٹیم کیلیے دو دھاری تلوار ثابت ہوئے، پہلے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ 75 رنز کی شراکت جوڑ کر اپنی ٹیم کا مجموعہ 5 وکٹوں پر 185 تک پہنچایا پھر 3 اہم وکٹیں لے کر چنئی کی کمر توڑ دی، فتح کیلیے 186 رنز کے تعاقب میں جانے والی دھونی الیون 9 وکٹوں پر 171 رنز بناکر 14 رنز سے ہار گئی، سریش رائنا کے 57 اور فاف ڈو پلیسس کے 43 رنز بھی کسی کام نہ آئے، مچل اسٹارک نے بھی تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

اس سے قبل ہینریکس نے 49 اور شین واٹسن نے 46 رنز بناکر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی، روی چندرن ایشون صرف دو وکٹوں پر ہی ہاتھ صاف کرپائے۔ ہفتے کی شب دیر سے کھیلے گئے میچ میں دہلی ڈیر ڈیولز نے آئی پی ایل چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 52 رنز سے پچھاڑ دیا، کولکتہ کی ٹیم 161 رنز کے جواب میں 7 وکٹوں پر 108 رنز ہی بنا پائی۔ تفصیلات کے مطابق چیمپئنز لیگ میں اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں سڈنی سپرسکسز نے چنئی سپر کنگز کو 14رنز سے شکست دے دی۔


چنئی نے فتح کیلیے 186 رنز کا بڑا ہدف سامنے دیکھ کر محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا مگراس احتیاط کی وجہ سے وہ تین اوورز میں صرف 7 رنز بنا پائے اور ایک وکٹ بھی گنوا دی، مرلی وجے صرف ایک رن پر مچل اسٹارک کا شکار بن گئے، صورتحال کو دیکھتے ہوئے فاف ڈو پلیسس نے ہاتھ کھولے اور دوسرے اوپنر مائیک ہسی کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 67 تک لے گئے مگر 25 گیندوں پر 43 رنز اسکور کرنے کے بعد وہ پیٹ کمنز کی گیند پر اسٹارک کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، ہسی صرف 16 رنز بناکر اسٹیواوکیف کی گیند پر لمب کا کیچ بن گئے۔

سبرا منیم بدری ناتھ (6) کو ہینرکس نے وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کا کیچ بنایا، سریش رائنا نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے 33 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 57 رنز اسکور کیے، ان کو بھی ہینریکس نے ہی قابو کیا جبکہ کیچ اسمتھ نے تھاما، اسی اوور کی پانچویں گیند پر ہینریکس نے حریف کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بھی پویلین واپس بھیج دیا وہ 8 رنز پر ہیزل ووڈ کا کیچ بنے، اجے جڈیجا (2) کو واٹسن نے بولڈ کیا جبکہ آخری اوور میں اسٹارک نے ایشون (18) اور یو مہیش (2) کا شکار کھیلا۔ اس سے پہلے سڈنی سکسرز نے 5 وکٹوں پر 185 رنز اسکور کیے، مائیکل لمب اور شین واٹسن نے ٹیم کو 50 رنز کی بنیاد فراہم کی۔

لمب کو 18 کے اسکور پر جڈیجا نے ایل بی ڈبلیو کیا، واٹسن 46 رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے، ایشون نے کپتان بریڈ ہیڈن کو 20 اور نک میڈنسن کو 12 رنز پر آئوٹ کیا، اس موقع پر ہینریکس اور اسمتھ اسکور کو 110 سے 185 تک لے گئے، آخری گیند پر اسمتھ کو 26 رنز پر بین ہلفنہاس نے وجے کی مدد سے قابو کیا، ہینریکس 49 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، انھوں نے 23 میں سے 3 گیندوں پر چھکے اور 5 چوکے جڑے۔ ہفتے کی شب دیر سے کھیلے گئے میچ میں دہلی ڈیرڈیولز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو 52 رنز سے شکست دے دی، ناکام ٹیم 161 رنز ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں پر 108 رنز بنا پائی، منوج تیواڑی نے سب سے زیادہ 33 رنز بنائے، کپتان گمبھیر فارم میںواپس نہیں آسکے اور بغیر کھاتہ کھولے آئوٹ ہوئے، برینڈن میک کولم اور جیک کیلس بھی ڈک کی خفت سے دوچار ہوئے، عرفان پٹھان، مورن مورکل اور یومیش یادیو نے دودو وکٹیں لیں۔
Load Next Story