گورننگ بورڈ میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ

ووٹ دینے کا اختیار نہیں ہو گا، واحد پلیئراقبال قاسم اگست میں سبکدوش ہو جائیں گے

سابق اسپنر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ریجنل کرکٹ اکیڈمی کا انچارج بنانے پر غور ہورہا ہے۔ فوٹو: فائل

MANAMA:
پی سی بی نے گورننگ بورڈ میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا، البتہ انھیں ووٹ دینے کا اختیار نہیں ہو گا، فی الحال اس میں شامل واحد کرکٹر اقبال قاسم بھی اگست میں سبکدوش ہو جائینگے، انھیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اہم ذمہ داری سونپنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین بورڈ شہریار خان نے گذشتہ دنوں کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سابق کھلاڑیوں پر مشتمل ایک کرکٹ کمیٹی بنا رہے ہیں جو شکیل شیخ کی زیر سربراہی موجودہ کمیٹی کی جگہ لے گی، دلچسپ بات یہ تھی کہ اس کمیٹی میں سوائے شکیل کے دیگر چاروں ارکان سابق کرکٹرز ہی تھے، قبل از وقت اعلان سے موجودہ کمیٹی چیف خبردار ہو گئے۔


ان کے ''کرم فرمائوں'' نے زور لگا کر ایسے حالات بنا دیے کہ گورننگ بورڈ میٹنگ میں یہ معاملہ زیربحث ہی نہیں آیا، اس وقت گورننگ بورڈ میں شامل واحد کرکٹر اقبال قاسم بھی اگست میں سبکدوش ہو جائینگے، ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی جگہ نیشنل بینک کا کوئی دوسرا نمائندہ سنبھالے گا، اس صورتحال میں شہریار خان نے فیصلہ کیا ہے کہ گورننگ بورڈ میں چند اچھی ساکھ کے حامل سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو شامل کیا جائے، آئینی پیچیدگیوں کی وجہ سے اسے ووٹ دینے کا حق حاصل نہ ہو گا، البتہ وہ مختلف معاملات پر اپنی ماہرانہ رائے ضرور دے سکے گا۔

دوسری جانب اقبال قاسم کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا انچارج بنانے پر غور ہو رہا ہے،آئندہ چند ماہ میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا جائیگا، ریجنل اکیڈمی کی تکمیل کے بعد اس کے معاملات بھی انہی کے سپرد ہونگے، یاد رہے کہ اقبال قاسم نے نیشنل اسٹیڈیم اسپورٹس کمپلیکس کے معاملات بہترین انداز سے سنبھالے، ماہرین کے مطابق وہ اس پوسٹ کیلیے بھی بہترین انتخاب ثابت ہونگے۔
Load Next Story