لڑکھڑاتی’’فرنچ ایکسپریس‘‘پھر ٹریک پر واپس آگئی

جنوبی کورین ٹیم نے اسپینش دیوار پھلانگ کر ناک آئوٹ رائونڈ میں رسائی حاصل کر لی

جنوبی کورین ٹیم نے اسپینش دیوار پھلانگ کر ناک آئوٹ رائونڈ میں رسائی حاصل کر لی۔ فوٹو : اے ایف پی

ویمنز ورلڈ کپ میں لڑکھڑاتی''فرنچ ایکسپریس'' پھر ٹریک پر واپس آگئی، میکسیکو کو تختہ مشق بناتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی، جنوبی کوریا بھی اسپینش دیوار پھلانگ کر ناک آئوٹ رائونڈ میں پہنچ گیا، پہلی مرتبہ چار میں سے 3 ایشیائی ٹیمیں ایک ساتھ فائنل 16 میں جگہ پانے میں کامیاب رہیں، تھائی لینڈ کا بوریا بستر گول ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق فرانس نے میکسیکو کو 5-0 سے شکست دے کر ٹائٹل کی جانب پھر سے اپنا سفر شروع کردیا، اسے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں شامل کیا جا رہا ہے تاہم دوسرے میچ میں کولمبیا کے ہاتھوں0-2 سے حیرت انگیز شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا تھا، تیسرے مقابلے میں ٹیم نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے میکسیکو کے گول پوسٹ کو تختہ مشق بناتے ہوئے ٹورنامنٹ کی تاریخ کے تین تیز ترین گول بنا دیے۔


34 ویں سیکنڈ میں میری لائورے ڈیلی نے گیند کو جال میں پہنچایا، صرف 8 منٹ بعد میکسیکو کی ڈیفینڈر جنیفر روز نے بوکھلا کر گیند کو اپنے ہی گول پوسٹ میں پھینک کر حریف سائیڈ کی برتری 2-0 کردی، جب کھیل کا 13 واں منٹ ہوا تو یوجینی لی سومر نے گول کردیا، انھوں نے ہی 36 ویں منٹ میں گیند کو دوبارہ جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کا اسکور4-0 کیا، پانچواں گول اختتامی لمحات میں ایمنڈائن ہینری نے 25 گز کے فاصلے سے کیا۔ اس شاندار کامیابی کے بعد فرنچ ٹیم نے گروپ ایف میں ٹاپ پوزیشن پر اختتام کیا، میکسیکو صرف ایک پوائنٹ کی وجہ سے گھر واپسی کے لیے سامان پیک کرنے پر مجبور ہوگیا۔

اسی گروپ ایف میں انگلینڈ نے کولمبیا کو 2-1 سے قابو کیا،اگرچہ اس کے بھی پوائنٹس کی تعداد 6 ہی ہے مگر وہ گول کے فرق کی وجہ سے دوسرے نمبر پر رہا، کیرین کینرنی کی جانب سے 15 ویں منٹ اور فارا ولیمز کے پنالٹی کک پر 38 ویں منٹ میں گول کی بدولت ٹیم کو برتری حاصل ہوئی، لینڈی اینڈریڈ نے انجری ٹائم میں گیند کو جال میں پہنچا کر خسارہ کچھ کم کیا۔

شکست کے باوجود 28 رینکڈ سائوتھ امریکن سائیڈ کولمبیا 4 پوائنٹس کی بدولت لاسٹ 16 میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی، اس کا مقابلہ 2بار کی چیمپئن سائیڈ امریکا سے ہوگا،انگلش ٹیم پیرکو 1995 کے چیمپئنز ناروے کا سامنا کرے گی۔گروپ ای میں برازیل نے کوسٹاریکا کو 1-0 سے مات دے دی، فیصلہ کن گول فرنینڈس نے کیا۔ جنوبی کوریا نے اسپین کو 2-1 سے ہرایا، چو سو ہیو اور کم سو یون نے گیند کو جال میں پہنچایا جبکہ ناکام ٹیم کا واحد گول بوکوئٹ نے کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب 4 میں سے تین ایشیائی ٹیمیں جنوبی کوریا، چین اور جاپان ایک ساتھ ناک آئوٹ رائونڈ میں پہنچی ہیں۔
Load Next Story