پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار فتح

سری لنکا کے شہر گال میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا

پاکستانی کھلاڑی اچھی فارم میں نظر آئے‘ ہوم گرائونڈ پر زمبابوے کے ساتھ کرکٹ سیریز کے فوائد سری لنکا کے میدانوں میں نظر آ رہے ہیں۔ فوٹو : فائل

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں دس وکٹوں سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ سری لنکا کے شہر گال میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے دوسری اننگز میں کیرئیر کی بہترین بائولنگ کی اور 76رنز دے کر 7وکٹیں حاصل کیں۔ یہ سری لنکا میں کسی غیر ملکی اسپنر کی بھی بہترین بولنگ ہے۔


وکٹ کیپر سرفراز احمد نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی اور 96رنز بنانے کے بعد 6 کھلاڑیوں کو کیچ آئوٹ اور اسٹمپ کیا' فاسٹ بالر وہاب ریاض نے میچ میں 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اسد شفیق کی سینچری اور سرفراز احمد اور بابر ذوالفقار کے ساتھ 100رنز سے زائد کی دوشراکت داریوں نے پہلی اننگز میں برتری دلوائی۔اس میچ میں فتح کے بعد پاکستان ٹیسٹ میچوں کی فتوحات میں ایشیاء میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے' پاکستان نے 123 ٹیسٹ میچ جیتے ہیں جب کہ بھارت نے 122 ٹیسٹ جیتے ہیں۔

پاکستانی کھلاڑی اچھی فارم میں نظر آئے' ہوم گرائونڈ پر زمبابوے کے ساتھ کرکٹ سیریز کے فوائد سری لنکا کے میدانوں میں نظر آ رہے ہیں۔ اگر پاکستان میں تسلسل سے غیر ملکی ٹیمیں کرکٹ کھیلیں تو اس سے پاکستانی کھلاڑیوں کے کھیل میں مزید نکھار پیدا ہو گا اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کی حالیہ فارم کو مد نظر رکھا جائے تو یہی لگتا ہے کہ آیندہ دو ٹیسٹ میچوں میں بھی پاکستانی کھلاڑی اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔
Load Next Story